علیم ڈار کی ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل

،تصویر کا ذریعہGetty

پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک سو یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

علیم ڈار اس وقت جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے مابین جاری سیریز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سنیچر سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ ان کا 100 واں ٹیسٹ میچ ہے۔

علیم ڈار کے علاوہ دنیا میں سٹیو بکنر(128) اور روڈی کرٹزن (108) دو ایسے امپائر ہیں جنھوں نے سو سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض دیے ہیں۔

علیم ڈار اب تک 100 ٹیسٹ میچوں، 178 ایک روزہ میچوں اور 35 ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنعلیم ڈار اب تک 100 ٹیسٹ میچوں، 178 ایک روزہ میچوں اور 35 ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں

47 سالہ علیم ڈار پچھلے 12 برسوں سے امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ علیم ڈار نے اپنی امپائرنگ کا آغاز سنہ 2000 میں گوجرانوالا میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ایک روزہ میچ سے کیا تھا اور تین سال بعد 2003 میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ میچ سے ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا آغاز کیا تھا۔

علیم ڈار اب تک 100 ٹیسٹ میچوں، 178 ایک روزہ میچوں اور 35 ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔

علیم ڈار کو کرکٹ کی دنیا میں انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وہ 2009 ,2010 اور 2011 میں آئی سی سی کے امپائر آف دی ایئر کا اعزاز پا چکے ہیں۔ علیم ڈار کو 2013 میں پاکستان کے تیسرے بڑے قومی اعزاز ستارہ امتیاز سے نواز گیا ہے۔

علیم ڈار سٹیو بکنر کے ساتھ کرکٹ کے عالمی کپ کے فائنل میں بھی امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعلیم ڈار سٹیو بکنر کے ساتھ کرکٹ کے عالمی کپ کے فائنل میں بھی امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں

علیم ڈار کا شمار ان پانچ امپائروں میں ہوتا ہے جنھوں نے 90 سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔ ان میں سٹیو بکنر، 128، روڈی کرٹزن 108، علیم ڈار 100، ڈیرل ہارپر 95، اور ڈیوڈ شیپرڈ 92 ٹیسٹ شامل ہیں۔