میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا کی مجموعی سبقت 459 رنز

،تصویر کا ذریعہAP
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے ہیں اور اس کی مجموعی سبقت 459 رنز ہو چکی ہے۔
تیسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 280 رنز کی سبقت ملی تھی لیکن اس نے فالو آن نہ دے کر پھر سے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر کپتان سٹون سمتھ 70 گیندوں پر 70 رنز بنائے تھے جبکہ ان کے ساتھ مچل مارش کریز پر ہیں۔ اس سے قبل عثمان خواجہ نے نصف سنچری سکور کی تھی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/ECKP90190" platform="highweb"/></link>
میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹ کے نقصان پر 91 رنز بنا لیے تھے اور ڈیرن براوو اور بریتھویٹ کریز پر موجود تھے۔ تیسرے دن ان دونوں نے مزاحمت جاری رکھی اور ان کے درمیان 90 رنز کی شراکت ہوئی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
بریتھویٹ نے 59 رنز بنائے جبکہ براوو نے 81 رنز بنائے اور وہ آؤٹ ہونے والی آخری کھلاڑی تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹنسن اور ناتھن لیون نے چار چار وکٹیں لیں جبکہ پیٹر سیڈل کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 551 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر کے علاوہ جتنے بیٹسمین کریز پر اترے انھوں نے سنچری لگائی۔ اوپنر جو برنز (128)، عثمان خواجہ (144)، کپتان سٹیون سمتھ (134)ناٹ آؤٹ اور ایڈم ووگز (106)ناٹ آؤٹ نے سنچریاں بنائیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے دو اور بریتھویٹ نے ایک وکٹ حاصل کیں۔
تین ٹیسٹ میچ کی سیریز میں آسٹریلیا ایک صفر سے آگے ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 212 رنز سے کامیابی ملی تھی۔



