برطانوی شخص نے کشتی پر بحر الکاہل عبور کر لیا

،تصویر کا ذریعہAP
ایک برطانوی شخص نے پہلی مرتبہ چپوؤں والی کشتی میں بغیر کہیں رکے شمالی امریکہ سے آسٹریلیا تک کا سفر کرتے ہوئے بحر الکاہل عبور کر لیا ہے۔
53 سالہ جان بییڈن نے یکم جون کو سان فرانسسکو سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور تقریباً پندرہ گھنٹے روزانہ چپو چلاتے چلاتے 209 دنوں میں اپنی منزلِ مقصود تک پہنچے۔
ان کو امید تھی کہ وہ کئی ہفتے پہلے شمال مشرقی آسٹریلیا کے شہر کیرنز پہنچیں گے لیکن خراب موسم نے ان کی رفتار سست کر دی۔
چار سال قبل بییڈن نے بحرِ اوقیانوس بھی کشتی پر عبور کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ انھوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ ایسا کر سکتے ہیں۔
جان بییڈن انگلینڈ کے شمالی علاقے شیفیلڈ میں رہتے تھے لیکن اب وہ کینیڈا میں رہ رہے ہیں۔
انھوں نے کیرنز کے لوگوں کا ’شاندار استقبال‘ پر شکریہ ادا کیا۔



