اظہرعلی اور حفیظ ہفتے تک فیصلہ کر لیں: شہریارخان

دونوں کھلاڑیوں نے محمد عامر پر اعتراض کرتے ہوئے لاہور میں جاری قومی فٹنس کیمپ میں شمولیت سے انکار کررکھا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشندونوں کھلاڑیوں نے محمد عامر پر اعتراض کرتے ہوئے لاہور میں جاری قومی فٹنس کیمپ میں شمولیت سے انکار کررکھا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے ون ڈے کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ سے جمعے کے روز ملاقات کی ہے ۔

دونوں کرکٹرز نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتراض کرتے ہوئے لاہور میں جاری قومی فٹنس کیمپ میں شمولیت سے انکار کررکھا ہے۔

<link type="page"><caption> عامر کی موجودگی پر اظہر اور حفیظ کا بائیکاٹ</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2015/12/151224_azhar_hafeez_bycott_tk.shtml" platform="highweb"/></link>

<link type="page"><caption> ’حفیظ اور اظہر کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2015/12/151224_sheryar_react_fz.shtml" platform="highweb"/></link>

شہریارخان نے دونوں کرکٹرز سے تفصیلی بات کی ہے اور ان کا موقف سنا ہے تاہم انھوں نے دونوں سے کہا ہے کہ وہ ہفتے کی صبح تک قومی کیمپ میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ کرلیں۔

شہریارخان نے محمد حفیظ اور اظہرعلی پر یہ بھی واضح کردیا ہے کہ قومی کیمپ میں شامل نہ ہوکر وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شہریارخان نے جمعرات کے روز بی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ وہ اظہرعلی اور محمد حفیظ سے بات کریں گے لیکن اگر وہ کیمپ میں آنے کے لیے تیار نہ ہوئے تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کی مخالفت کرنے والے کرکٹرز کو منانے کی ذمہ داری ہیڈ کوچ وقاریونس کو سونپی تھی لیکن محمد حفیظ اور اظہرعلی نے ان پر یہ بات واضح کردی کہ اگر محمد عامر کو واپس لانے کی پالیسی پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنائی تھی تو چیئرمین شہریارخان کو پہلے تمام کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے چاہیے تھا۔