’کراچی نے ٹیم نہیں بنائی، مذاق کیا ہے‘

،تصویر کا ذریعہJaved Afridi
پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی پانچوں ٹیموں نے اپنے کھلاڑیوں کے انتخاب کو حتمی شکل دے دی ہے جس پر حسبِ توقع سوشل میڈیا پر لائیو تبصرے اور تجزیے چل رہے ہیں اور ٹوئٹر کو کرکٹ کا بخار چڑھ گیا ہے۔
جہاں پی ٹی آئی کے لودھراں کے انتخابات کے حوالے سے ٹرینڈ اور چند دوسرے زبردستی کے ٹرینڈ سامنے آئے مگر اس سب کے دوران پاکستان سپرلیگ کے ٹرینڈز نمایاں رہے جس میں مختلف کھلاڑیوں اور شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے بارے میں تبصرے کرتے نظر آئے۔
تقویم صدیقی نے لکھا کہ ’چھ آل راؤنڈر، ایک بولر اور ایک بیٹسمین کے ساتھ کراچی کنگز نے ٹیم نہیں بنائی، مذاق کیا ہے۔ پشاور زلمے اور کوئٹہ گلیڈیئٹر کراچی سے بہتر ہے اور اسلام آباد زبردست ہے۔‘
عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ’ایک اور حیران کُن انتخاب یہ ہے کہ لاہور قلندرز نے جنوبی افریقہ کے بیٹسمین کیمرون ڈیلپورٹ کو منتخب کیا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
ملک مراد نے لکھا کہ ’مجھے دکھ ہو رہا ہے کہ کسی نے بھی سعید اجمل کو منتخب نہیں کیا۔ انھیں منتخب کرنا بہت اچھا رسک ہوتا۔‘
طارق سعید کا خیال تھا کہ ’کراچی کنگز نے کسی بھی مقامی کھلاڑی کو پہلے راؤنڈ میں منتخب نہیں کیا۔ ہو سکتا ہے کہ کل کچھ مقامی نوجوان کھلاڑیوں کو منتخب کریں۔‘
روی بوپارا نے ٹویٹ کی کہ ’میں کراچی کنگز کے لیے منتخب ہونے پر بہت خوش ہوں اور پاکستان سپر لیگ کے شروع ہونے کا منتظر ہوں۔‘
پشاور زلمے ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے کھلاڑیوں کے انتخاب پر تبصرے کیے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ کرکٹ کی ترویج کے لیے فاؤنڈیشن بنائیں گے۔



