میچ ٹائی مگر سپر اوور میں پاکستان ہارگیا

کرس ووکس نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 37 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکرس ووکس نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 37 رنز بنائے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں جیت لیا۔اس کے ساتھ ہی اس نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ بھی کر لیا۔

سپر اوور میں شاہد آفریدی اور عمراکمل، کرس جورڈن کے خلاف صرف 3 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

کپتان اوئن مورگن اور جوز بٹلر نے شاہد آفریدی کے اوور میں چار رنز بناکر انگلینڈ کو کامیابی دلا دی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر 154 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی ٹیم جواب میں سات وکٹوں پر 154 رنز بنا سکی۔

شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 75 رنز بنائے لیکن آخری اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد سہیل تنویر آخری گیند پر جیت کے لیے درکار 2 رنز بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

دبئی میں دونوں ٹی ٹوئنٹی ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو اس میچ میں جس جارحانہ کرکٹ کی ضرورت تھی وہ انگلینڈ کی اننگز کے ابتدائی چند اوورز میں ہی دکھائی دی۔

ٹاس جیت کر انگلینڈ کا آغاز ڈرامائی تھا۔

شاہد آفریدی کے پاس سپن بولنگ کے آپشنز بہت ہی محدود تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی کے پاس سپن بولنگ کے آپشنز بہت ہی محدود تھے

اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے عامر یامین نے میچ کی پہلی ہی گیند پر جیسن روئے کو آؤٹ کردیا جس کے بعد شاہد آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں جو روٹ اور معین علی کی وکٹیں لگاتار گیندوں پر حاصل کرڈالیں۔

اس کے بعد جب شعیب ملک نے بھی اپنے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر کپتان اوئن مورگن کی وکٹ حاصل کی تو انگلینڈ کی ٹیم 68 کے سکور پر چار وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد شدید مشکلات سے دوچار تھی لیکن پاکستانی تیز بولرز رنز روکنے میں بری طرح ناکام رہے۔

طویل قامت عرفان نے چار اوورز میں 40 رنز دے ڈالے۔

سہیل تنویر پہلے دو اوورز میں 21 رنز دینے کے ساتھ ساتھ جیمز ونس کا دو رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ ڈراپ کرنے کے بھی خطاوار تھے جنھوں نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 45 رنز بنا ڈالے۔

ونس اور کرس ووکس اننگز کے آخری اوور میں سہیل تنویر کی بولنگ پر آؤٹ ہوئے لیکن ساتویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز بناکر انگلینڈ کی پوزیشن بہتر بناگئے۔

کرس ووکس نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 37 رنز بنائے۔

سہیل تنویر نے اننگز کا اختتام چار اوورز میں 36 رنز پر کیا۔

اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے عامر یامین نے میچ کی پہلی ہی گیند پر جیسن روئے کو آؤٹ کردیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے عامر یامین نے میچ کی پہلی ہی گیند پر جیسن روئے کو آؤٹ کردیا

انور علی جنھوں نے گذشتہ دونوں میچوں میں اچھی بولنگ کی تھی اس بار چار اوورز میں 35 رنز دے ڈالے جبکہ عرفان کی گیند پر کرس ووکس کا ڈراپ کیچ بھی ان کے کھاتے میں لکھا گیا۔

شاہد آفریدی کے پاس سپن بولنگ کے آپشنز بہت ہی محدود تھے انھوں نے خود ایک بار پھر موثر بولنگ کی لیکن حیرت انگیز طور پر انھوں نے شعیب ملک سے دو اوورز کے بعد بولنگ نہیں کرائی۔

پاکستانی اننگز مایوس کن انداز میں شروع ہوئی۔ پہلے ہی اوور میں احمد شہزاد اور محمد حفیظ کی وکٹیں پاکستانی ڈریسنگ روم میں بجلی بن کر گریں۔

احمد شہزاد ڈیوڈ ولی کی گیند پر بولڈ ہوئے اور اگلی ہی گیند پر رن آؤٹ ہونے یا کرانے کے لیے مشہور محمد حفیظ اس بار خود رن آؤٹ ہوگئے اور جب تیسرے اوور میں ڈیوڈ ولی نے صفر پر رفعت اللہ مہمند کو ایل بی ڈبلیو کیا تو پاکستانی ٹیم کا سکور صرف 11 رنز تھا جو 50 رنز تک پہنچتے ہوئے محمد رضوان کی وکٹ لے گیا۔

عمراکمل نے ایک بار پھر جلد وکٹ گنوا کر کسی کو حیران نہیں کیا جس کے بعد شعیب ملک اور شاہد آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ اور صرف 38 گیندوں پر 63 رنز کی عمدہ شراکت پاکستانی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئی۔

شاہد آفریدی تین چھکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک جب تک کریز پر رہے جیت کی امید برقرار رہی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری گیند پر پاکستانی ٹیم بائی کا ایک رن ہی حاصل کر پائی۔