ایتھلیٹکس مقابلوں میں روس کی شرکت معطل

،تصویر کا ذریعہAP
روس کی ایتھلیٹکس فیڈریشن کو عارضی طور پر اولمپک گیمز سمیت تمام بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے روک دیا گيا ہے۔
روس کے خلاف یہ اقدام مبینہ طور پر وسیع پیمانے پر ڈوپنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے کیے گئے ہیں۔
<link type="page"><caption> ’روس کو ایتھلیٹکس مقابلوں سے معطل کر دیا جائے‘</caption><url href="www.bbc.com/urdu/sport/2015/11/151109_wada_russia_suspension_sq.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> ممنوعہ ادویات کا استعمال: ’ایتھلیٹکس ادارہ تحقیق دبا رہا ہے‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2015/08/150816_iaaf_accused_supressing_doping_study_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
ایتھلیٹکس کی عالمی تنظیم آئی اے اے ایف نے کھیلوں میں ممنوعہ ادویات کے انسداد کے عالمی ادارے (ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی) کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جس میں کہا گيا ہے کہ روس میں ’حکومت ڈوپنگ میں ملوث تھی۔‘
آئی اے اے ایف کے کونسل اراکین نے روس پر پابندی لگائے جانے کے حق میں 22 جبکہ اس کے خلاف صرف ایک ووٹ دیا۔
ایتھلیٹکس کی عالمی تنظیم کے صدر لارڈ کو نے کہا: ’یہ ہم سب کے لیے ہوشیار ہو جانے کا وقت ہے۔‘
انھوں نے بی بی سی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’ہمارا کھیل خود کو شرمناک حالت میں دیکھ رہا ہے۔ ہم پوری طرح سے ان تبدیلیوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، جو ہونی ہیں۔ ہم نے واضح طور پر یہ بات تسلیم کی ہے کہ ہمیں بعض سخت سبق سیکھنے ہوں گے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’ہمیں اپنے دامن پر نظر ڈالنی ہے، اپنے کھیل کو دیکھنا ہے اور ہم یہ کریں گے۔‘

،تصویر کا ذریعہPA
روس کے وزیر کھیل وٹالی مٹکو نے کہا کہ ’معطلی عارضی ہے‘ اور ’مسئلہ قابل حل ہے۔‘
جمعے کو روس کے متعلق ہونے والی ووٹنگ میں اس ملک کے آئی اے اے ایف کونسل ممبر کو ووٹ دینے کی اجازت نہیں دی گئی۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس پابندی کے نتیجے میں روس ورلڈ ایتھلیٹکس سیریز اور آئندہ سال پانچ اگست سے شروع ہونے والے ریو اولمپکس میں حصہ نہیں لے سکے گا۔
اس کے علاوہ روس سنہ 2016 کے ورلڈ ریس واکنگ کپ کی میزبانی نہیں کر سکے گا اور کازان میں ورلڈ جونیئر چیمپیئن شپ کی میزبانی سے بھی محروم ہو جائےگا۔
رواں ہفتے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے ایک آزاد کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ روسی کھلاڑیوں نے انسدادِ ممنوعہ ادویات کے افسران کو رشوت دے کر ممنوعہ ادویات استعمال کیں اور ان کے استعمال کے ٹیسٹ کے نتائج پر پردہ ڈالا۔



