انگلش بولر مارک وڈ زخمی ہو کر تیسرے ٹیسٹ سے باہر

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسری اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے فاسٹ بولر مارک وڈ کو ٹخنے میں چوٹ کے باعث آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی مینیجمنٹ نے یہ فیصلہ مارک وڈ کو کسی بڑی چوٹ سے بچانے کے لیے کیا ہے۔
25 سالہ مارک وڈ کاؤنٹی کرکٹ میں ڈرہم کی جانب سے بھی کھیلتے ہیں، اور انھوں نے پاکستان کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مارک وڈ کی جگہ فاسٹ بولر لیام پلنکٹ یا سپن بولر سامت پٹیل کو ٹیم میں شامل کرنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ ابو ظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا جبکہ دبئی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ اتوار یکم نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔



