فرانس میں برفانی تودہ گرنے سے سات کوہ پیما ہلاک

فرانس کے حکام کے مطابق فرینچ ایلپس کے پیلوو علاقے میں برفانی تودہ گرنے سے سات کوہ پیما ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 4000 میٹر بلند ڈوم ڈی نیج دے ایکرنز نامی پہاڑ سے برفانی تودہ مقامی وقت کے مطابق 10 بجے گرا۔
ہلاک ہونے والے افراد میں غیر ملکی شامل ہیں لیکن ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کا تعلق کس ملک سے ہے۔
ڈوم ڈی نیج پہاڑ کوہ پیماؤں میں بہت مقبول ہے کیونکہ اس کی چوٹی تک جانے کا راستہ نسبتاً آسان ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق برفانی تودہ کوہ پیماؤں کے تین گروہوں کے اوپر گرا۔ امدادی کارکن ابھی تک یہ پتہ چلانے کی کوشش میں ہیں کہ کہیں وہاں اور کوہ پیما تو موجود نہیں تھے۔
مقامی پولیس کے کمانڈر کرسچیئن فلیجیلا نے کہا ہے کہ علاقے میں ابھی بھی موسمی حالات موسمِ سرما جیسے ہیں۔



