انیس مرتبہ ایورسٹ سر کرنے والے کوہ پیما لاپتہ

نیپال میں انیس مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والا کوہ پیما چی وانگ نیما ہمالیہ کی ایک اور چوٹی سر کرتے ہوئے لاپتہ ہو گئے ہیں۔

ان کی کوہ پیما ایجینسی کا کہنا ہے کہ نیما ’باروتسے‘ کی چوٹی کے راستے میں ایک گلیشیئر سے ٹکرا ئے ہیں۔ وہ سات ہزار میٹر اونچائی پر اپنے رسے نصب کر رہے تھے تاکہ یہاں سے اگے سات ہزار ایک سو انتیس میٹر والی چوٹی پر پہنچ سکیں۔

اس چوٹی پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، اگر ہوائیں کم ہوگئیں تو آج سے ایک ہیلی کاپٹر انھیں تلاش کرے گا۔

یہ حادثہ سنیچر کو پیش آیا جس کے بعد ان کے ساتھ کوہ پیماؤں نے انھیں تلاش کرنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہیں ہوسکے۔

ایک ہیلی کاپٹر کوہ پیما جماعت کے بیس کیمپ کی طرف روانہ کیا گیا تھا مگر شدید ہواؤں کے باعث ہیلی کاپٹر روانہ نہیں ہوسکا۔

کوہ پیمائی کا انتظام کرنے والی فرم کا کہنا ہے کہ مسٹر نیما پہاڑ کی شمالی چوٹی کی جانب اپنی چڑھائی کے رسے نصب کر رہے تھے، جس وقت گلیشئیر آن گرا، تاہم ان کی جماعت کے باقی ساتھی کوہ پیما اس گلیشئیر سے محفوظ رہے۔

کمپنی کے اہلکار گھی ماہری کا کہنا ہے کہ مسٹر نیما بہت ہی تجربہ کار اور مشاق کوہ پیما ہیں اس لیے بہت ممکن ہے کہ وہ زندہ ہوں، انھوں کہا’ وہ ایسے حالات میں خود کو بچانے کا گر جانتے ہیں‘

مسٹر گھی ماہری نے کہا کہ نیما بہت ہی محنتی کوہ پیما ہیں وہ دس برس سے کمپنی کے لیے کام کررہے ہیں۔

تینتالیس سالہ نیما انیس مرتبہ ہمالیہ کی چوٹیاں سر کرچکے ہیں، جبکہ نیپال کے ہی اپیا شرپا ایورسٹ کی چوٹی بیس مرتبہ سر کرچکے ہیں۔