مانچسٹر سٹی کی دفاعی چیمپیئن چیلسی پر فتح

مانچسٹر سٹی کے میچ پر غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چیلسی کی ٹیم 70ویں منٹ میں ہی پہلی بار مخالف گول پر نشانہ لگا سکی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمانچسٹر سٹی کے میچ پر غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چیلسی کی ٹیم 70ویں منٹ میں ہی پہلی بار مخالف گول پر نشانہ لگا سکی

انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم لیگ میں اپنے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن چیلسی کو شکست دے کر نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر پہنچ گئی ہے بلکہ اس نے بارکلے پریمیئر لیگ کی دعویدار دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

مانچسٹر میں اپنے ہوم گراؤنڈ اتحاد سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں مانچسٹر سٹی نے چیلسی کے خلاف صفر کے مقابلے میں تین گول سے فتح حاصل کی۔

یہ ٹورنامنٹ میں مانچسٹر سٹی کی لگاتار دوسری فتح ہے۔ سیزن میں اپنے پہلے میچ میں اس نے گذشتہ ہفتے ویسٹ بروم کو بھی باآسانی تین گول سے ہی ہرایا تھا۔

اتوار کو میزبان ٹیم کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 32ویں منٹ میں سرجیو اگویرو نے کیا اور یہ برتری پہلے ہاف کے خاتمے تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور لندن سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپیئنز کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کر دیا۔

مانچسٹر سٹی کی جانب سے بقیہ دو گول کپتان ونسٹنٹ کومپنی اور مڈ فیلڈر فرناندینیو نے کیے۔

کومپنی نے 79ویں منٹ میں ڈیوڈ سلوا کے کارنر پر ہیڈ سے گیند گول میں پہنچائی تو چیلسی کے کیپر اسمیر بیگووچ کے پاس 87 ویں منٹ میں فرنیندینیو کی تیز شاٹ روکنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔

تاہم بیگووچ نے جنھیں اس میچ میں چیلسی کے ریگولر کیپر کی معطلی کی وجہ سے کھلایا گیا تھا، کئی یقینی گول بھی بچائے۔

مانچسٹر سٹی کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 32ویں منٹ میں سرجیو اگویرو نے کیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمانچسٹر سٹی کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 32ویں منٹ میں سرجیو اگویرو نے کیا

مانچسٹر سٹی کے میچ پر غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چیلسی کی ٹیم 70ویں منٹ میں ہی پہلی بار مخالف گول پر نشانہ لگا سکی۔

فاتح ٹیم کے مینیجر میونئل پیلیگرینی کا کہنا تھا کہ ’میں نے سیزن کے آغاز سے قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میں ان کھلاڑیوں کو جانتا ہوں اور یہ فتح کے بھوکے اور مشتعل ہیں۔ گذشتہ سیزن میں جو ہوا وہ شاید اچھا تجربہ تھا۔ اب یہ ہر میچ جیتنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے واحد کام 90 منٹ تک مستقل مزاجی سے کھیلنا ہے۔‘

خیال رہے کہ مانچسٹر سٹی گذشتہ برس چیلسی کے ہاتھوں ہی انگلش پریمئیر لیگ کا ٹائٹل گنوا بیٹھی تھی۔

چیلسی کے مینیجر ہوزے مورینیو نے کہا کہ میچ کے بعد تین صفر کی ’سکور لائن‘ جعلی معلوم ہوتی ہے۔

اس میچ میں مورینیو نے مینیجر کے طور پر پہلی بار کپتان جان ٹیری کو بھی تبدیل کیا جبکہ ٹیری کے لیے دو سال میں یہ پہلا موقع تھا کہ انھیں میدان سے باہر بلایا گیا۔

یہ 99-1998 کے سیزن کے بعد پہلا موقع ہے کہ چیلسی کی ٹیم پریمیئر لیگ میں اپنے ابتدائی دو میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ سیزن کے ابتدائی میچ میں سوانزی سے اس کا مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا تھا۔

آرسنل کی پہلی فتح

چیلسی کی شکست کے برعکس لندن سے تعلق رکھنے والے ایک اور پریمیئر لیگ کلب آرسنل کی ٹیم سیزن میں پہلی بار فتح کا ذائقہ چکھنے میں کامیاب رہی۔

کرسٹل پیلس کے خلاف اتوار کو ہی کھیلا جانے والا میچ شمالی لندن کے کلب نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیتا۔

چیلسی کے کیپر اسمیر بیگووچ کے پاس 87 ویں منٹ میں فرنیندینیو کی تیز شاٹ روکنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنچیلسی کے کیپر اسمیر بیگووچ کے پاس 87 ویں منٹ میں فرنیندینیو کی تیز شاٹ روکنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔

آرسنل نے اس میچ میں آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدائی 12 منٹ میں الیکسس سانچیز کی تین شاٹس مخالف گول کیپر نے روکیں۔

تاہم 16ویں منٹ میں جرود نے مسعود اوزل کے کراس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی تاہم یہ ایک گول کی برتری 12 منٹ ہی قائم رہی سکی۔

کرسٹل پیلس کی جانب سے میچ برابر کرنے کا سہرا جوئل وارڈ کو ملا جنھوں نے 28 ویں منٹ میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں کرسٹل پیلس کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور آرسنل کو میچ جیتنے کے لیے سخت محنت کرنا پڑی۔

میچ کا فیصلہ کن گول 55ویں منٹ میں ہوا جب الیکسس سانچیز کی شاٹ کرسٹل پیلس کے ہی کھلاڑی ڈیمیئن ڈیلینی کے سر سے لگ کر انھی کی ٹیم کے گول میں چلی گئی۔

اس فتح کے نتیجے میں آرسنل کو رواں سیزن میں پہلے پوائنٹس ملے ہیں۔