مانچسٹر سٹی کا سیزن کا شاندار آغاز، یحیٰی طورے کا عمدہ کھیل

،تصویر کا ذریعہAP
مانچسٹر سٹی نےانگلش پریمیئر لیگ کے سیزن کا آغاز انتہائی عمدہ انداز میں کیا ہے اور اپنے پہلے میچ میں ویسٹ بروم کو باآسانی تین گولوں کے مارجن سے ہرا کر اپنے آپ کو ایک بار پھر بارکلے پریمیئر لیگ ٹائٹل کی دعویدار ٹیموں کی فہرست میں شامل کروا لیا ہے۔
مانچسٹر سٹی گذشتہ برس چیلسی فٹبال کلب کے ہاتھوں انگلش پریمئیر لیگ کا ٹائٹل گنوا بیٹھی تھی۔ ادھر چیمپیئن چیلسی نے اپنا پہلا میچ برابری پر کھیلا ہے۔ انگلش پریمئیر لیگ کی ایک اور دعوے دار ٹیم آرسنل کلب اپنے پہلے میچ میں ویسٹ ہیم کلب سے ہار گئی ہے۔
مانچسٹر سٹی کے کپتان ونسٹن کومپنی نے ویسٹ بروم پر فتح کے بعد کہا کہ ابھی انھیں بہت کچھ ثابت کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہت سے کلبوں کو پریمیئر لیگ کے ٹائیٹل کے فیورٹ کے طور پر گردانا جا رہا ہے جس میں مانچسٹر سٹی کا نام شامل نہیں ہے۔
مانچسٹر سٹی نے سیزن کے اپنے پہلے میچ میں نوجوان کھلاڑی رحیم سٹرلنگ کو میدان میں اتارا۔رحیم سٹرلنگ کو دو موقعوں پرگول کرنے کے مواقع میسر آئے لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مانچسٹر سٹی رواں سیزن میں 20 سالہ رحیم سٹرلنگ کو چار کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ کے عوض لیورپول کلب سے خریدا ہے اور وہ ابھی تک انگلش یریمئیر لیگ کے رواں سیزن کے سب سے مہنگے داموں فروخت ہونے والے کھلاڑی ہیں۔
مانچسٹر سٹی کی طرف سے پہلا گول یحیٰی طور کی کک پر ہوا جو ڈیوڈ سلوا سے ٹکرا کر ویسٹ برام کے دفاعی کھلاڑی ڈاسن کی ٹانگوں سے ہوتا ہوا گول میں چلا گیا۔ دوسرا گول کپتان ونسٹن کومپنی نے کارنر کک پر ہیڈر سے کیا۔ تیسرا گول یحیٰی طورے کی ایک خوبصورت کک پر ہوا۔
ویسٹ برام کے پاس گول کرنے کا واحد موقع اس وقت آیا جب کرس برنٹ کا کراس سیدھا مانچسٹر سٹی کےگول کیپر جو ہارٹ کے ہاتھوں میں پہنچ گیا۔
مانچسٹر سٹی کا اگلا میچ پریمیئر لیگ کی چیمپئن چیلسی سے اتوار کے روز ہو گا۔
ویسٹ بروم کے خلاف میچ میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے کھیل پر مکمل طور پر غلبہ قائم رکھا۔ اس میچ مانچسٹرسٹی سے واحد بری خبر یحیٰی طورے کا میچ کے اختتام سے پہلے ہی گروانڈ سے چلے جانا تھا۔ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ یحیٰی طورے کی انجری کس نوعیت کی ہے۔
مانچسٹر سٹی کے اس میچ میں تمام نظریں 20 سالہ رحیم سٹرلنگ پر تھیں لیکن ڈیوڈ سلوا اور یحییٰ طورے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساری توجہ اپنی جانب مرکوز کر الیں۔
مانچسٹر سٹی کے کپتان ونسٹن کومپنی نے میچ کے بعد رحیم سٹرلنگ کے بارے کرتے ہوئے کہا کہ رحیم کی رفتار دوسری ٹیموں کے لیے ایک مسلسل خطرہ بنی رہے گی اور ایسے موقعوں ان کی تیز رفتاری اس وقت بہت کام آئے گی جب ٹیم دفاعی کھیل پر مجبور ہو۔



