بھارت کے پنکج اڈوانی 6 ریڈبال سنوکر کے عالمی چیمپیئن بن گئے

30 سالہ پنکج اڈوانی نے فائنل کا آغاز پراعتماد انداز میں کرتے ہوئے تین صفر کی برتری حاصل کرلی تھی
،تصویر کا کیپشن30 سالہ پنکج اڈوانی نے فائنل کا آغاز پراعتماد انداز میں کرتے ہوئے تین صفر کی برتری حاصل کرلی تھی
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

بھارت کے پنکج اڈوانی ورلڈ 6 ریڈبال سنوکر میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

کراچی میں جاری عالمی 6 ریڈبال سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں انھوں نے عالمی امیچر چیمپیئن چین کے ین بنگ تاؤ کو 2 کے مقابلے میں 6 فریمز سے شکست دے دی۔

30 سالہ پنکج اڈوانی نے فائنل کا آغاز پراعتماد انداز میں کرتے ہوئے تین صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔ اُن کے پندرہ سالہ حریف نے چوتھے فریم میں 66 کی کلیئرنس کھیل کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ یہ فائنل یکطرفہ نہیں ہوگا۔

انھوں نے پانچواں فریم بھی جیتا لیکن اس کے بعد وہ پنکج اڈوانی کے وسیع تجربے کا مقابلہ نہ کرسکے جنھوں نے لگاتار تین فریمز جیت لیے۔

واضح رہے کہ پنکج اڈوانی دنیا کے واحد کیوسٹ ہیں جنھیں عالمی امیچر سنوکر اور عالمی6 ریڈبال سنوکر کے ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے اس کے علاوہ وہ بلیئرڈز کی عالمی چیمپیئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔

اس سے قبل پاکستانی کھلاڑی محمد آصف اور اسجد اقبال سیمی فائنل میں ہارگئے۔ پنکج اڈوانی نے اسجد اقبال کو چار کے مقابلے میں پانچ فریمز سے شکست دی تھی۔

ین بنگ تاؤ نے بھی چار کے مقابلے میں پانچ فریمز سے سابق عالمی امیچر چیمپیئن محمد آصف کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

محمد آصف اس لحاظ سے بدقسمت رہے کہ ایک مرحلے پر انھیں چار ایک کی برتری حاصل تھی اور انھیں فائنل تک رسائی کے لیے صرف ایک فریم درکار تھا لیکن ین بنگ تاؤ نے مسلسل چار فریمز جیت کر محمد آصف کی مایوسی میں اضافہ کردیا۔

خواتین کے6 ریڈبال ایونٹ کے فائنل میں ہانگ کانگ کی نیگ اون یی نے بھارت کی ودیا پلائے کو دو کے مقابلے میں پانچ فریمز سے شکست دیدی۔

انفرادی مقابلوں کے بعد اب ورلڈ ٹیم چیمپیئن شپ اور ماسٹرز ایونٹ کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں۔