چنّئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر دو سال کی پابندی

کمیٹی کا کہنا ہے کہ چنّی سپر کنگز کی مالک انڈیا سيمنٹس نے ميپّن کی سرگرمیاں روکنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکمیٹی کا کہنا ہے کہ چنّی سپر کنگز کی مالک انڈیا سيمنٹس نے ميپّن کی سرگرمیاں روکنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا

بھارت کی سپریم کورٹ نے انڈین پریمیئر لیگ کرکٹ مقابلوں میں سپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی کے الزامات کے معاملے میں لیگ میں شامل دو ٹیموں چنّئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے راجستھان رائلز کے شریک مالک اور اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن کے داماد اور چنّئی سپر کنگز کے عہدیدار گروناتھ میّپن پر بھی تاحیات پابندی لگا دی ہے۔

ان دونوں افراد کو غیر قانونی سٹے بازی اور میچ فکسنگ کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے تین رکنی کمیٹی نے کہا ہے کہ ’گروناتھ ميپّن سٹے بازی میں ملوث پائے گئے ہیں اور ان کی حرکتوں سے بی سی سی آئی، آئی پی ایل اور کرکٹ کی شبیہ خراب ہوئی ہے۔‘

یہی بات راج کندرا کے بارے میں بھی کہی گئی ہے۔ کمیٹی نے ان دونوں کے کرکٹ کے کھیل میں شرکت پر پانچ سال جبکہ کسی قسم کے کرکٹ میچوں سے منسلک ہونے پر عمر بھر کے لیے پابندی لگائی ہے۔

منگل کو ایک پریس کانفرنس میں جسٹس لوڈھا نے کہا، ’گروناتھ ميپّن اور راج کندرا سٹے بازی میں ملوث پائے گئے۔ یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ ميپّن کو سٹے بازی میں 60 لاکھ کا نقصان بھی ہوا۔‘

انھوں نے کہا کہ جس شخص کے دل میں بھی کرکٹ کے تئیں احترام ہوگا وہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہ سکتا۔

ے راجستھان رائلز کے شریک مالک اور اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا پر بھی عمر بھر کے لیے پابندی لگ گئی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنے راجستھان رائلز کے شریک مالک اور اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا پر بھی عمر بھر کے لیے پابندی لگ گئی ہے

کمیٹی نے چنّی سپر کنگز کی مالک کمپنی انڈیا سيمنٹس پر بھی دو سال کے لیے پابندی کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ ’انڈیا سيمنٹس نے ميپّن کی سرگرمیاں روکنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔‘

عدالتی کمیٹی نے آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز کی آپریٹر جے پور آئی پی ایل فرنچائز پر بھی دو سال کے لیے پابندی لگانے کو کہا ہے۔

اس پابندی سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی سمیت کئی بھارتی اور انٹرنیشنل کرکٹر متاثر ہوں گے۔

آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ کے الزامات 2013 کے چھٹے ایڈیشن میں اس وقت سامنے آئے تھے جب اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیم راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں سری سانت، انکت چوہان اور اجیت چڈيلا کو دہلی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

ان کے ساتھ 16 سٹے بازوں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا اور ان کے خلاف دفعہ 420 اور 120 بی کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔

بعدازاں اسی معاملے میں ممبئی پولیس نے گروناتھ ميّپن اور اداکار ودو دارا سنگھ کو بھی گرفتار کیا تھا جبکہ دہلی پولیس نے راجستھان رائلز کے مالک راج کندرا کا نام بھی اسی کیس میں لیا تھا۔

اس سلسلے میں بی سی سی آئی نے راجستھان رائلز کے فاسٹ بالر سری سانت اور ان کے ساتھی کھلاڑی انکت چوہان پر ستمبر 2013 میں تاحیات پابندی لگا دی تھی۔