سپاٹ فکسنگ:سری سانت، انکت پر تاحیات پابندی

شری سنت
،تصویر کا کیپشنشری سنت، انکت چوہان اور اجیت چڈيلا کو گزشتہ 16 مئی کو 16 سٹے بازوں سمیت دہلی پولیس نے گرفتار کیا تھا

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے انڈین پريمئير لیگ (آئی پی ایل) میں سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں ملوث کرکٹرز سری سانت اور انکت چوہان پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ جمعہ کو دہلی میں بی سی سی آئی کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس کمیٹی میں این شری نواسن، ارون جیٹلی اور نرنجن شاہ شامل ہیں۔

اجلاس کے بعد بی سی سی آئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انکت چوہان اور بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر سری سانت پر تاحیات پابندی لگائے جانے کے علاوہ اس معاملے میں ملوث دیگر کرکٹرز میں سے امت سنگھ پر پانچ سال جبکہ سدھارتھ ترویدی پر ایک سال کی پابندی لگائی گئی ہے۔

اس معاملے میں مبینہ طور پر ملوث ہرمیت سنگھ کے خلاف تحقیقات ناکافی ثبوتوں کی وجہ سے ختم کر دی گئیں۔

سپاٹ فکسنگ میں ملوث ایک اور کرکٹر اجیت چڈیلا کا معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے اور ان کے بارے میں ابھی بی سی سی آئی کی جانب سے اس پریس ریلیز میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

بی سی سی آئی کے انسدادِ بدعنوانی یونٹ کے سربراہ روی سواني نے اس معاملے کی تحقیقات کی تھیں اور بی سی سی آئی کے اجلاس میں تمام ثبوتوں اور کھلاڑیوں کی گواہی پر بحث کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

رواں برس انڈین پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں سپاٹ فکسنگ کا معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیم راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں سری سانت، انکت چوہان اور اجیت چڈيلا کو دہلی پولیس نے مئی میں گرفتار کیا تھا۔

ان کے ساتھ 16 سٹے بازوں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا اور ان کے خلاف دفعہ 420 اور 120 بی کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔

بعدازاں اسی معاملے میں ممبئی پولیس نے آئی پی ایل کی ایک اور ٹیم چنئی سپر کنگز کے مالک اور بی سی سی آئی کے صدر این شری نواسن کے داماد گروناتھ ميّپن اور اداکار ودو دارا سنگھ کو بھی گرفتار کیا تھا۔

پھر اسی معاملے میں دہلی پولیس نے راجستھان رائلز کے مالک راج کندرا کا بھی نام لیا تھا۔