امریکہ خواتین کے فٹبال عالمی کپ کا فاتح

امریکہ خواتین کا عالمی کپ تین مرتبہ جیتنے والا پہلا ملک بن گیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنامریکہ خواتین کا عالمی کپ تین مرتبہ جیتنے والا پہلا ملک بن گیا ہے

خواتین کے فیفا فٹبال عالمی کپ کا فائنل میں امریکہ نے جاپان دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر عالمی کپ اپنے نام کر لیا ہے۔

امریکہ خواتین کا عالمی کپ تین مرتبہ جیتنے والا پہلا ملک بھی بن گیا ہے۔

پیر کو کینیڈا کے شہر وینکوور میں کھیلے گئے فائنل میچ کے آغاز سے ہی امریکہ جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور کھیل کے پہلے پانچ منٹ میں ہی امریکہ نےدو گول کر دیے۔

میچ کا پہلا گول پہلے ہاف کے تیسرے منٹ پر کارلی لائیڈ نےکیا اور دو منٹ بعد ہی انھوں نے اپنا دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو دو گول کی برتری دلا دی۔

کھیل کے 14ویں منٹ میں لورین ہولیڈے نے امریکہ کی جانب سے تیسرا گول کیا اور اس کے دو منٹ بعد کارلی لائیڈ نے گراؤنڈ کے وسط سے ایک لانگ شاٹ لگاتے ہوئے اپنی ہیڑک مکمل کی اور میچ کا چوتھا گول کردیا۔

خواتین کے عالمی کپ مقابلوں کے فائنل میں یہ کسی بھی کھلاڑی کی پہلی ہیٹرک ہے۔

پہلے ہاف کے اختتام پر امریکہ کو دو کے مقابلے میں چار گول کی برتری حاصل تھی

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپہلے ہاف کے اختتام پر امریکہ کو دو کے مقابلے میں چار گول کی برتری حاصل تھی

چار گول کے خسارے میں جانے کے بعد میچ کے 27ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے یوکی اوگِمی نے پہلا گول سکور کیا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر امریکہ کو دو کے مقابلے میں چار گول کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں میچ کے 52ویں منٹ میں امریکی کھلاڑی جولی جاہنٹسن نے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کردیا جس سے امریکہ کی ایک گول کی برتری کم ہوگئی تاہم ٹوبن ہیتھ نے 54ویں منٹ میں امریکہ کی جانب سے پانچواں گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی جب میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

واضح رہے کہ اس میچ سے قبل تک امریکہ دو بار عالمی کپ جیت چکا تھا جبکہ دفاعی چیمیئن جاپان اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔

امریکہ کی جانب سے کارلی لائیڈ نے ہیڑک کی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنامریکہ کی جانب سے کارلی لائیڈ نے ہیڑک کی

سنہ 2011 میں جرمنی میں کھیلے گئے خواتین کے فٹبال عالمی کپ کے فائنل میں بھی جاپان اور امریکہ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئی تھیں، جس میں جاپان نے پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔

گذشتہ روز تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی خواتین کے ٹیم کے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔