ون ڈے ٹیم میں عرفان کی واپسی، بلال آصف نیا چہرہ

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
سری لنکا کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11 جولائی کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کے دوران ان فٹ ہونے والے فاسٹ بولر محمد عرفان فٹ قرار دیے جانے کے بعد ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں جبکہ حارث سہیل، صہیب مقصود اور وہاب ریاض ان فٹ ہونے کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے ہیں۔
صہیب مقصود کافی عرصے سے کلائی کی تکلیف میں مبتلا ہیں جبکہ حارث سہیل اور وہاب ریاض سری لنکا کے دورے میں ہی ان فٹ ہوئے ہیں۔
عمر اکمل بھی ایک بار پھر سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہیں کر سکے۔ وہ ورلڈ کپ کے بعد سے ٹیم سے باہر ہیں۔
مختار احمد کو ٹی 20 مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کے بعد ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ دی گئی ہے جبکہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے آف سپنر اور مڈل آرڈر بیٹسمین بلال آصف پہلی بار ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں۔
چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ اگر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر نہ ہو سکا تو اس صورت میں بلال آصف ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستانی ون ڈے ٹیم اظہرعلی ( کپتان )، احمد شہزاد، محمد حفیظ، مختار احمد، اسد شفیق، شعیب ملک، محمدرضوان، بابر اعظم، سرفراز احمد (نائب کپتان)، یاسر شاہ، بلال آصف، عماد وسیم، انورعلی، محمد عرفان، احسان عادل اور راحت علی پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ پالیکیلے میں جاری ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔



