کوپا امریکہ کپ: پیراگوئے نے برازیل کو ہرا دیا

،تصویر کا ذریعہEPA
چلی میں کھیلے جانے والے کوپا امریکہ فٹبال کپ میں پیراگوئے نے برازیل کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں تین کے مقابلے چار گول سے شکست دے دی۔
خیال رہے کہ سنہ 2011 میں بھی کوپا امریکہ کپ میں پیراگوئے نے برازیل ہرایا تھا۔
اس فتح کے بعد پیراگوئے یکم جولائی کو ارجنٹینا سے سیمی فائنل میں مدِ مقابل ہو گا۔
مانچیسٹر سٹی کے سابق سٹرائیکر روبنہو نے 15 ویں منٹ میں ڈینی ایلوس کے کراس پر گول کر کے برازیل کو ایک صفر کی سبقت دلا دی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں برازیل کے کھلاڑی تھیاگو سلوا کی غلطی کا پیرگوائے کے ڈیرل گونزالیز نے فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوشش کی تاہم کھیل کے اختتام پر میچ ایک سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
برازیل نے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر پہلے دو مواقع ضائع کر دیے جبکہ گونزالیز نے پھر سے گول کر دیا۔
اس شکست نے گذشتہ سال فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں برازیل کی ایک کے مقابلے سات گول سے شکست کے بعد برازیل کو ابھرنے کا موقع نہیں دیا۔
آٹھ بار کے کوپا کپ چیمپیئن برازیل نے سنہ 2007 سے اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے جبکہ پیراگوئے کے پاس سنہ 1979 کے بعد پہلی بار ٹرافی حاصل کرنے کا موقع ہے۔
پیراگوئے اور ارجنٹینا کے درمیان یکم جولائی کو پہلا سیمی فائنل ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میزبان ملک چلی اور پیرو کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل چار جولائی کو سینٹیاگو میں ہوگا۔



