یوراگوئے کوپا امریکی فٹبال کپ کا فاتح

فائنل میں یوراگوئے نے پیرا گوئے کو تین صفر سے شکست دے کر پندرہویں بار یہ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنفائنل میں یوراگوئے نے پیرا گوئے کو تین صفر سے شکست دے کر پندرہویں بار یہ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا

ارجنٹینا میں کھیلے جانے والے مردوں کے امریکی کوپا فٹبال کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں یوراگوئے نے پیرا گوئے کو شکست دے کر کپ جیت لیا ہے۔

فائنل میں یوراگوئے نے پیرا گوئے کو تین صفر سے شکست دے کر پندرہویں بار یہ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔

لیور پول فٹبال کلب کے لیوس سورز نے میچ کے بارہویں منٹ میں یوراگوئے کی جانب سے پہلا گول کیا۔

ہاف ٹائم سے کچھ دیر پہلے یوراگوئے کے ڈیاگو فورلن نے اپنی ٹیم کی جانب سے دوسرا گول کیا۔

ہاف ٹائم پر یوراگوئے کو دو صفر سے برتری حاصل تھی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں یوراگوئے کے ڈیاگو فورلن نے اپنی ٹیم کی جانب سے تیسرا اور انفرادی طور پر دوسرا گول کیا۔ یہ ان کے کیرئیر کا اکتیسواں گول تھا۔

اس سے پہلے سینچر کو کھیلے جانے والے ایک میچ میں پیرو نے وینزویلا کو چار کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے پر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔