ہاکی ورلڈ لیگ: پاکستان نے پولینڈ کو ہرا دیا

پاکستان اپنا دوسرا میچ 24 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپاکستان اپنا دوسرا میچ 24 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا

بیلجئیم میں کھیلے جانیوالی ہاکی ورلڈ لیگ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ پولینڈ کو ایک کے مقابلےمیں دوگول سے شکست دے دی۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق بلجئیم کے شہر اینٹروپ میں کھیلے جانیوالے میچ میں پاکستان نے پہلے کوارٹر میں محمد عرفان کے گول کی بدولت ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن کوئی بھی ٹیم اس کا فائدہ نہ اٹھا سکی۔

میچ کے چوتھے کوارٹر میں پولینڈ نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔

اس کے بعد پاکستان کی ٹیم نے پولینڈ کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور اسی دوران ملنے والے ایک پینلٹی کارنر پر محمد وقاص نے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول کرکے اپنے ملک کو دو ایک کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ 24 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

دوسری جانب بھارت کی ہاکی ٹیم نے بھی اپنے پہلے میچ میں فرانس کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔

واضح رہے کہ پول اے میں پاکستان کے علاوہ بھارت، فرانس، آسٹریلیا اور پولینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔