ٹریور بیلِس انگلینڈ کے پہلے آسٹریلوی کوچ

ٹریور بیلِس اس سے قبل سنہ 2007 سے 2011 تک سری لنکن ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنٹریور بیلِس اس سے قبل سنہ 2007 سے 2011 تک سری لنکن ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے منتخب ہونے والے کوچ ٹریور بیلس پہلے آسٹریلوی ہیں جو انگلینڈ ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔

52 سالہ بیلِس پیٹر مورز کی جگہ لیں گے جنھیں انگلینڈ کی دو بار کوچنگ کرنے کے بعد رواں ماہ کے آٰغاز میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

ٹریور بیلِس اس سے قبل سنہ 2007 سے 2011 تک سری لنکن ٹیم، سنہ 2014 میں آسٹریلوی ٹیم کی عارضی طور پر ٹی20 سیریز میں اور انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کی کوچنگ کر چکے ہیں۔

نو منتخب کوچ بیلِس کا کہنا ہے کہ ’بطور انگلینڈ ٹیم کا کوچ منتخب ہونا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ مجھےپورا یقین ہے کہ اس ٹیم کا مستقبل روشن ہے۔‘

بیلس جون میں نیا عہدہ سنبھالیں گے۔ جولائی سے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سریز کا آغاز ہو گا۔

اس عہدے کے لیے بہت سے امیدواروں میں سابق آسٹریلوں فاسٹ بولر جیسن گِلیسپی بھی شامل تھے۔

یارکشائر کے کوچ جیسن گیلیسپی نے اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ اگر انھیں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی پیش کش کی گئی تو وہ اسے قبول کر لیں گے۔ اس سلسلے میں وہ انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ انڈریو سٹراس سے دو بار ملاقات بھی کر چکے ہیں۔

پال فیبرس جن کی کوچنگ میں انگلینڈ نے گذشتہ روز لارڈز کے میدان پر نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی ہے، وہ بیلس کے ساتھ بطور نائب کوچ کام کرتے رہیں گے، اور نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں عارضی طور پر کوچنگ کریں گے۔

بیلس بتا چکے ہیں کہ تینوں طرح کی کرکٹ میں جیتنے والی ٹیمیں کیسے بنائی جاتی ہیں: سٹراس

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبیلس بتا چکے ہیں کہ تینوں طرح کی کرکٹ میں جیتنے والی ٹیمیں کیسے بنائی جاتی ہیں: سٹراس

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعے جمعے سے ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔

بیلِس نیو ساؤتھ ویلز کی جانب سے 58 فرسٹ کلاس میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں لیکن آسٹریلیا کی جانب سے کبھی نہیں کھیلے۔

ٹریور کا کہنا ہے کہ ’جو چیز مجھے زیادہ دلچسپ لگتی ہے وہ یہ ہے کہ مجھے بہت ہی باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’میں وہ سب کروں گا جو میں کر سکتا ہوں تاکہ ان کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے بارے میں بتا سکوں اور مستقل طور پر کامیابیاں حاصل کر سکیں۔‘

انگلینڈ کے سابق کپتان اور ڈائریکٹر کرکٹ اینڈیو سٹراس کا کہنا ہے کہ ’ٹریور کا بطور کوچ ریکارڈ بہت زبردست ہے ان کا بہت تجربہ ہے اور دنیا بھر کا ان کے بارے میں یہی خیال ہے۔‘

سٹراس کا کہنا ہے کہ ’ٹریور قومی اور بین الاقوامی دونوں سطحوں پر خود کو منوا چکے ہیں۔ وہ بتا چکے ہیں کہ تینوں طرح کی کرکٹ میں جیتنے والی ٹیمیں کیسے بنائی جاتی ہیں۔‘