پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی 20 میچ میں ہرا دیا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے شہر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز سکور کیے۔
پاکستان نے جواب میں مقررہ ہدف آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90122" platform="highweb"/></link>
زمبابوے کو پہلی کامیابی 14 ویں اوور میں ملی جب احمد شہزاد 38 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب مختار احمد کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 45 گیندوں میں 83 رنز بنائے۔ ان کو کریمر نے آؤٹ کیا۔
محمد حفیظ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے۔ وہ 12 رنز سکور کر سکے۔
مختار احمد جارحانہ بیٹنگ کر رہے ہیں اور انھوں نے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز سکور کیے ہیں۔
پاکستان کے لیے تیسرا اوور اچھا رہا جب اس میں 21 رنز بنے۔ مختار نے چار چوکے مارے جبکہ ایک چوکا لیگ بائز کا تھا۔
پاکستان کی جلد ہی چوتھی وکٹ گر گئی جب عمر اکمل صرف چار رنز بنا کر ویٹوری کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب شعیب ملک سات رنز سکور کر کے بولڈ ہو گئے۔
اس سے قبل زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز وی سیبانڈا اور ہیملٹن نے کیا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کو پہلی کامیابی ساتویں اوور میں ملی جب سیبانڈا 13 رنز بنا کر سمیع کی گیند پر کیچ ہوئے۔ وکٹ کیپر سرفراز نے ان کا کیچ پکڑا۔
اس سے اگلی ہی گیند پر ہیملٹن جو جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے کو سمیع نے بولڈ کیا۔ انھوں نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 گیندوں میں 43 رنز بنائے۔
پاکستان کو تیسری وکٹ اس وقت حاصل ہوئی جب وہاب ریاض نے چارلز کوونٹری کو آؤٹ کیا۔کوونٹری نے سات گیندوں میں 14 رنز بنائے۔
آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی شون ولیمز تھے جنھوں 16 رنز بنا کر شعیب ملک کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
سکندر رضا نے عمدہ بیٹنگ کی اور سمیع کے ایک اوور میں دس رنز سکور کیے لیکن اس اوور کی آخری گیند پر وہ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کو چھٹی وکٹ اس وقت ملی جب وہاب ریاض نے چگمبرا کو بولڈ کیا۔ چگمبرا نے 35 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز سکور کیے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے تین، وہاب ریاض نے دو اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان میں چھ سال کے طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کا آج سے آغاز ہوا ہے۔
زمبابوے ٹیسٹ رکنیت رکھنے والی پہلی ٹیم ہے جو تین مارچ سنہ 2009 کو لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ قذافی سٹیڈیم لاہور کی تاریخ کا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل بھی ہے۔ اس سے قبل اس میدان میں اب تک 40 ٹیسٹ اور 58 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں۔
شاہد آفریدی 23 ٹی ٹو 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں تاہم ان میں وہ صرف نو جیت پائے ہیں اور 14 میں انھیں شکست ہوئی ہے، جو ٹی 20 میں کسی بھی پاکستانی کپتان کی سب سے زیادہ ناکامیاں ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستانی سرزمین پر کھیلا جانے والا یہ دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل ہے۔ اس سے قبل 20 اپریل سنہ 2008 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے مصباح الحق کے ناقابل شکست 87 رنز کی بدولت 102 دو رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سیریز کے لیے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود شائقین کا جوش وخروش بھی غیرمعمولی ہے جنھیں چھ سال کے صبر آزما انتظار کے بعد بین الاقوامی کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں 27 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔



