جسٹن گیٹلن نے تیز ترین دوڑ کا ریکارڈ برابر کر دیا

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکی ایتھلیٹ جسٹن گیٹلن نے دوحہ میں ڈائمنڈ لیگ میں سو میٹر کا فاصلہ چھٹے تیز ترین وقت میں طے کیا ہے۔
33 سالہ جسٹن گیٹلن جو ماضی میں دو بار ممنوعہ ادویات کا استعمال کرنے پر پابندی کا سامنا کر چکے ہیں نے مقررہ فاصلہ 9.74 سیکنڈ میں طے کر کے اس سال کی اپنی پہلی دوڑ میں کامیابی حاصل کی۔
برطانوی ایتھلیٹ جیمز دساؤلو کے لیے یہ دوڑ بری ثابت ہوئی وہ اس دوڑ میں سب سے آخری پوزیشن پر رہے اور انھوں نے مقررہ فاصلہ 10:14 سکینڈ میں طے کیا۔
برطانیہ ہی کہ محمد فرح 3000 میٹر کی دوڑ میں دوسرے نمبر آئے ہیں۔
ڈائمنڈ لیگ کے ابتدائی روز تمام تر نظریں جسٹن گیٹلن پر ہی جمی رہیں کیونکہ انھوں نے وہیں سے آغاز کیا جہاں انھوں نے سنہ 2014 میں اختتام کیا تھا۔ اس سے قبل جمیکا کے یوہان بلیک نے یہ فاصلہ سنہ 2012 میں 9:69 سکینڈ میں طے کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
گیٹلن 9.74 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرنے کے بعد امریکی ٹائسن گے، جمیکا کے اسافا پاول، یوہان بلیک اور یوسین بولٹ کی صف میں کھڑے ہوگئے ہیں جنھوں نے یہ ریکارڈ اگست سنہ 2009 میں برلن میں 9:58 سکینڈ میں قائم کیا تھا۔
جمعہ کو ہونے والی اس دوڑ میں گیٹلن دوسرے ایتھلیٹس کے لیے کافی مشکل حریف ثابت ہوئے ۔
مجموعی طور پر ڈائمنڈ لیگ کے پہلے دن دس بہترین کارکردگیاں دیکھنے کو ملی۔ جن میں امریکہ کی ٹیاننا بارٹو لیٹا نے خواتین کی لانگ جمپ کے مقابلے میں 6.99 میٹر سے کامیابی حاصل کی۔ مردوں کے ٹرپل جمپ میں کیوبا کے پیدرو پیبلو پیکارڈو نے 18.06 میٹر سے کامیابی حاصل کی۔



