کوہلی ٹیم کی عزت برقرار رکھیں: بی سی سی آئی

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے گذشتہ دنوں ایک صحافی کے ساتھ وراٹ کوہلی کے برتاؤ کو سنجیدگی سے لیا ہے۔
بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بورڈ نے پرتھ میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کی جانب سے جاری اس بیان کے مطابق متعلقہ کھلاڑی سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارتی ٹیم کی عزت برقرار رکھیں اور مستقبل میں ایسا سلوک نہ کریں۔
نائب کپتان وراٹ کوہلی پر الزام ہے کہ انھوں نے گذشتہ دنوں پرتھ میں ٹیم کے پریکٹس سیشن سے لوٹتے وقت اچانک ایک صحافی کو گالیاں دی تھیں۔
تاہم بعد میں ایسی اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ کوہلی نے اس صحافی کو کوئی اور صحافی سمجھا تھا، جنھوں نے وراٹ کوہلی اور ان کی گرل فرینڈ انوشكا شرما کے بارے میں کوئی مضمون لکھا تھا۔
لیکن جب وراٹ کوہلی کو یہ بتایا گیا کہ جس صحافی کو وہ گالی دے رہے تھے انھوں نے وہ مضمون نہیں لکھا تھا تو پھر کوہلی نے ایک اور صحافی کو بلایا اور ان کے توسط سے اس واقعے پر معذرت بھجوائی۔
اب بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر بھارتی ٹیم انتظامیہ سے رابطے میں ہے اور انھیں مشورہ دیا گیا ہے کہ ایسے واقعات مستقبل میں نہ پیش آئیں۔
کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی مقبولیت بڑھانے اور میچوں کی کوریج کرنے پر میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دیگر فریق (صحافی) سے درخواست کرتے ہیں کہ اب آگے بڑھنے اور اس ورلڈ کپ میں بھارت کی مہم پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔



