سرینا ولیمز نے چھٹی بار آسٹریلین اوپن جیت لیا

،تصویر کا ذریعہGetty
سرینا ولیمز نے ماریا شیراپوا کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میں ہرا کر چھٹی بار آسٹریلین اوپن اور اپنا 19واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا ہے۔
33 سالہ سرینا نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد 6-3 اور 7-6 سے شیراپوا کو شکست دی۔
یاد رہے کہ 2004 سے اب تک سرینا 16 دفعہ لگاتار ماریاشاراپوا کو شکست دے چکی ہیں۔
19 میجر سنگل ٹائٹلز کے ساتھ سرینا نے مارٹینا نیورواٹیلووا اور کرس ایورٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
ایک گھنٹہ اور 51 منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ میں طبیعت کی ناسازی کے باوجود سرینا نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 ایسز اور 38 وینرز ہٹ کیے۔
شیراپووا کھیل کے آغاز میں اعصابی دباؤ کا شکار نظر آئیں اور دوسری جانب ایسا محسوس ہوا کہ اپنی بیماری کی وجہ سے سرینا ولیمز جلد سے جلد کھیل کو ختم کرنا چاہتی تھیں۔
امریکی شہری سرینا کا کھیل 12 منٹ کے بارش کے وقفے کے باوجود متاثر نہیں ہوا اور انھوں نے روس سے تعلق رکھنے والی ماریا شاراپوا کی دوسری سروس کو کچل کر رکھ دیا۔
وقفے کے بعد جب کھیل کا آغاز ہوا تو ٹاپ سیڈ سرینا 2-3 ،30-30 کے ممکنہ طور پر خطرناک سکور پر تھیں مگر اپنی حریف کے برعکس انھوں نے پر اعتماد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فور ہینڈ ونر اور ایک ایس کر کے گیم جیت لی۔
سرینا نے پہلا سیٹ 47 منٹ میں ایک شاندار بیک ہینڈ شاٹ لگا کر جیتا۔
دوسرے سیٹ کے اوائل میں بریک پوائنٹس کے سامنے کی وجہ سے شیراپووا کو یکطرفہ شکست کا سامنا تھا مگر انھوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کر کے یہ دکھا دیا کہ وہ پانچ دفعہ گرینڈ سلیم چیمپیئن کیوں بن چکی ہیں۔
شیراپوا نے اچھی سروس اور کھیل کا مظاہرہ کیا اور ولیمز کی جانب سے 15 ایسز اور پہلی سروس پر 90 فیصد پوائنٹس جیتنے کے باوجود بھرپور مقابلہ جاری رکھا۔
دوسرا سیٹ سرینا نے ایک سخت مقابلے کے بعد 7-6 سے جیتا۔



