بھارت سہ فریقی سیریز میں کوئی میچ نہ جیت سکا

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا میں کھیلی جانے والےسہ فریقی سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، اور یوں بھارت نے اپنے آسٹریلیا کے دورے کا مایوس کن اختتام کیا۔
پورے دورے میں بھارت کوئی میچ نہیں جیت سکا۔
انگلینڈ نے 201 رنز کا مطلوبہ ہدف 46.5 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89500" platform="highweb"/></link>
201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پانچ وکٹیں 55 رنز کے مجموعی سکور پر گر چکی تھیں تاہم جیمز ٹیلر اور جوز بٹلر نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 125 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز ٹیلر نے چار چوکوں کی مدد سے 82 جبکہ جوز بٹلر نے سات چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے سٹیورٹ بِنی نے تین، موہت شرما نے دو جبکہ محمد شامی اور اکشر راجیش بھائی پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم 48.1 اوورز میں صرف 200 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بھارت کے چھ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔
بھارت کی جانب سے اجنکیا ریہانے نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 اور شیکھر دھون نے چار چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے سٹیون فِن نے تین، جب کہ معین علی، سٹیورٹ براڈ اور کرس ووکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کے جیمز ٹیلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جمعے کو کھیلے جانے والے اس میچ میں شکست کے بعد بھارت فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔



