ایف اے کپ میں اپ سیٹس کا دن، چیلسی اور مانچسٹر سٹی باہر

،تصویر کا ذریعہAP
ا
نگلینڈ میں فٹبال کے ایف اے کپ مقابلوں میں ملک کے دو بڑے فٹبال کلبوں چیلسی اور مانچسٹر سٹی کی ٹیمیں چوتھے راؤنڈ میں غیر معروف ٹیموں سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔
سنیچر کا دن ایف اے کپ میں اپ سیٹس کا دن رہا جب انگلش پریمیئر لیگ میں ابتدائی دو پوزیشنز پر براجمان لندن کے کلب چیلسی اور مانچسٹر کے مانچسٹر سٹی کو بالترتیب بریڈفرڈ اور مڈلزبرو نے شکست دی۔
چیلسی کے ہوم گراؤنڈ سٹیمفرڈ برج میں کھیلے گئے میچ میں ایک موقع پر چیلیسی کو صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی۔
یہ برتری کیہل اور رمیرز نے 21ویں اور 38ویں منٹ میں گول کر کے دلوائی۔
لیکن پھر بریڈفرڈ سٹی کی ٹیم میچ میں واپس آئی اور 41ویں منٹ میں سٹیڈ کے گول کی بدولت چیلسی کی برتری کم کر دی۔
دوسرے ہاف میں مہمان ٹیم نے اپنے سے کہیں بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل چیلسی کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور موریس، ہالیڈے اور یئیٹس کے گولوں کی بدولت یہ میچ چار دو کے سکور سے جیت لیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
چیلسی کے مینیجر ہوزے مورینہو نے کہا ہے کہ وہ چوتھے راؤنڈ میں اپنی ٹیم کی اس شکست پر ’پشیمان‘ اور ’شرمندہ‘ ہیں۔
مورینہو نے کہا کہ ’ایک بڑی ٹیم کے لیے نچلی لیگ سے تعلق رکھنے والی ایک چھوٹی ٹیم سے ہارنا اس کی بےعزتی ہے اور مجھے اور کھلاڑیوں کو شرمندہ ہونا چاہیے۔‘
دن کے دوسرے اپ سیٹ میں مڈلزبرو نے مانچسٹر سٹی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔
اس میچ کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور دوسرے ہاف میں میچ کے 53ویں منٹ میں بیمفرڈ نے گول کر کے مڈلزبرو کو برتری دلوائی۔
بعدازاں میچ کے 90 ویں منٹ میں گارسیا مارٹینز نے مڈلزبرو کے لیے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔
یہ لگارتار دوسرا برس ہے کہ مانچسٹر سٹی کو چیمپیئن شپ کھیلنے والی کسی ٹیم نے ایف اے کپ سے باہر کیا ہے۔ گذشتہ برس اسے وگن کی ٹیم نے ہرایا تھا۔



