ماتا ریکارڈ قیمت پر مانچسٹر یونائٹیڈ منتقل

،تصویر کا ذریعہman utd
سپین کے معروف فٹ بالر جوان ماتا ایک ریکارڈ معاہدے کے تحت چیلسی سے مانچسٹر یونائٹیڈ کلب منتقل ہو رہے ہیں۔
سپین کے مڈ فیلڈر نے یہ معاہدہ تین کروڑ 71 لاکھ پاؤنڈ میں قبول کیا ہے۔ سنیچر کو میڈیکل کے بعد انھوں نے پریمیئر ليگ چیمپین مانچسٹر یونائٹڈ کے ساتھ یہ معاہدہ کیا ہے جو سنہ 2018 کے موسم گرما تک ہے جاری رہے گا۔
اطلاعات کے مطابق 25 سالہ ماتا منگل کو اپنے نئے کلب کی جانب سے کارڈف کے خلاف پہلا میچ کھیلیں گے۔
معاہدے کے بعد انھوں نے کہا: ’ایک نئے چیلنج کا وقت آ گيا ہے۔ کلب کی تاریخ میں دوسرے مرحلے میں حصہ لینے کے لیے موقع ملنے پر میں پرجوش ہوں۔‘
اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا: ’چیلسی چوٹی کی ٹیم ہے اور وہاں میرے بہت سے دوست ہیں لیکن مانچسٹر یونائٹڈ میں شامل ہونے کا موقع نہیں گنوا سکتے۔ میں آنے والے دنوں میں منیجر اور ٹیم کی کامیابی میں تعاون دینے کے لیے پر امید ہوں۔‘
ماتا نے سپین کی جانب سے 32 میچز کھیلے ہیں اور سوموار کو ایک پریس کانفرنس میں نئے کلب کی جانب سے ان کی رونمائی ہوگی۔
مانچسٹر یونائٹڈ کے نئے مینیجر نے اس سے قبل دو کروڑ 75 لاکھ پاؤنڈ میں ایورٹن کے مورونے فیلانی کو خریدا تھا۔
اس سے قبل جب سنہ 2011 میں ماتا نے ویلنسیا کو خیر باد کہہ کر چیلسی میں دو کروڑ 35 لاکھ پاؤنڈ کی قیمت پر شمولیت اختیار کی تھی اس کے بعد وہ دونوں سیزن میں چیلسی کے سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
انھوں نے چیلسی کے لیے 130 میچوں میں 32 گول کیے۔
مانچسٹر یونائٹیڈ کے مینیجر مویاز کا کہنا ہے کہ ’آج کے دور میں جوان چند بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور ان کی خدمات حاصل کرنا باعث مسرت ہے۔‘



