فیڈرر اطالوی کھلاڑی سے شکست کے بعد آسٹریلین اوپن سے باہر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میلبرن میں جاری آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اٹلی کے آندریئس سیپی نے چار مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے والے سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا ہے۔
46 سیڈ سیپی نے جمعے کو سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں نمبر دو سیڈ فیڈرر کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دی۔
سیپی نے تین میں سے دو سیٹ ٹائی بریکر پر جیتے اور ان کا سکور چھ چار، سات چھ، چار چھ اور سات چھ رہا۔
30 سالہ اطالوی کھلاڑی نے پہلا سیٹ باآسانی جیتا لیکن دوسرے سیٹ میں فیڈرر نے سخت مقابلہ کیا اور میچ ٹائی بریکر تک لے گئے۔
تاہم سیپی نے ٹائی بریکر میں سات پانچ سے فتح حاصل کی۔
تیسرے سیٹ میں 33 سالہ فیڈرر نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور یہ سیٹ چار کے مقابلے میں چھ گیمز سے جیت لیا۔
چوتھے سیٹ میں ایک مرتبہ پھر کانٹے کا مقابلہ ہوا اور یہ سیٹ بھی ٹائی بریکر تک گیا اور اس موقع پر سیپی نے ایک بار پھر یہ ٹائی بریکر سات پانچ سے جیت کر میچ میں فتح حاصل کر لی۔
فیڈرر اور سیپی ماضی میں دس مرتبہ مدِمقابل آ چکے ہیں اور اطالوی کھلاڑی آج سے پہلے کبھی 17 مرتبہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتنے والے سوئس کھلاڑی کو زیر کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔
اس فتح کے بعد سیپی نے کہا کہ ’میں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا اور یہ یقیناً میرے بہترین میچوں میں سے ایک تھا۔
راجر فیڈرر سنہ 2012 کے ومبلڈن کے بعد سے کوئی بھی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔



