سلو اوور ریٹ: آسٹریلوی کپتان ایک میچ کے لیے معطل

،تصویر کا ذریعہAFP Getty
بھارت کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میچ کے دوران مقررہ مدت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان جارج بیلی کو ایک میچ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق انھیں اپنی میچ فیس کا 20 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔
میلبرن میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی اننگز کے دوران مقررہ وقت میں آسٹریلوی ٹیم 49 اوورز ہی کروا سکی تھی۔
اس پر آئی سی سی کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے آسٹریلوی کپتان اور ٹیم پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
جارج بیلی کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم چونکہ گذشتہ بارہ ماہ کے دوران ایک مرتبہ پہلے بھی سست رفتاری سے گیند بازی کی مرتکب ہو چکی تھی اس لیے کپتان بیلی کو جرمانے کے ساتھ ساتھ ایک میچ کی معطلی کی سزا بھی دی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق جارج بیلی نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام پر دی جانے والی سزا کو قبول کیا ہے اس لیے اب سے معاملے کی باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔
آسٹریلیا نے سہ فریقی سیریز کے اس میچ میں بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی اور وہ اب تک سیریز میں اپنے دونوں میچ جیت چکا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم اس سیریز میں اپنا اگلا میچ ہوبارٹ میں 23 جنوری کو کھیلے گی۔



