’کلارک عالمی کپ سے پہلے واپس آ سکتے ہیں‘

 33 سالہ مائیکل کلارک ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ہیمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور انھیں بیٹنگ کے دوران بھی کمر میں تکلیف کی وجہ سے باہر جانا پڑا تھا
،تصویر کا کیپشن 33 سالہ مائیکل کلارک ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ہیمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور انھیں بیٹنگ کے دوران بھی کمر میں تکلیف کی وجہ سے باہر جانا پڑا تھا

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ وہ آئندہ برس فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ سے پہلے فٹ ہو سکتے ہیں۔

کلارک نے آسٹریلین اخبار میں ایک کالم میں لکھا: ’اس وقت میرے لیے سب سے اہم بات کرکٹ کے عالمی کپ سے پہلے کرکٹ میں واپس آنا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ میڈیکل سٹاف نے انھیں بتایا ہے کہ ان کی حالت بہتر ہے اور وہ سرجری کے ایک ہفتے بعد کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ آئندہ برس 14 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے مشترکہ میزبان ہیں۔

33 سالہ مائیکل کلارک ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ہیمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور انھیں بیٹنگ کے دوران بھی کمر میں تکلیف کی وجہ سے باہر جانا پڑا تھا۔

تاہم ٹیسٹ کے دوران مائیکل کلارک دوبارہ بیٹنگ کرنے آئے اور انھوں نے بھارت کے خلاف سنچری سکور کی۔

مائیل کلارک کو ہیمسٹرنگ کی تکلیف نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران ہوئی تھی۔