محمد علی نمونیا کا شکار، ہسپتال منتقل

،تصویر کا ذریعہKevin C. Cox Getty Images
باکسنگ کے سابق عالمی چیمپیئن محمد علی کو نمونیا کے مرض کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
محمد علی ہیوی ویٹ مکے بازی میں تین بار عالمی چیمیئن رہ چکے ہیں۔ وہ اس سے قبل پارکنسنز کے مرض میں مبتلا رہے ہیں۔
محمد علی کے ترجمان باب گنیل نے میڈیا کو بتایا کہ محمد علی کی ’حالت مستحکم ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا ’مرض کی تشخیص بہتر طور پر ہوئی ہے‘ اور یہ کہ 72 سالہ محمد علی کو ہسپتال سے جلد چھٹی مل جائے گی۔
انھوں نے محمد علی کے اہل خانہ کی پرائیویسی کا حوالہ دیتے ہوئے مزید تفصیلات سے گریز کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP Getty Images
واضح رہے کہ محمد علی کو پارکنسنز کے مرض کی تشخیص سنہ 1984 میں عالمی باکسنگ سے ریٹائر ہونے کے تین سال بعد ہوئی تھی۔
ستمبر میں وہ اپنے آبائی شہر لوئزویلے میں محمد علی ہیومینیٹیریئن ایوارڈ کی تقریب میں نظر آئے تھے۔
امریکہ کی ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد علی پہلے کیسیئس کلے کے نام سے جانے جاتے تھے لیکن سونی لسٹن کے خلاف 25 فروری سنہ 1954 کو ہونے والے اہم مقابلے کے اگلے ہی دن انھوں نے اعلان کیا کہ وہ اسلام قبول کر رہے ہیں اور اپنا نام بدل کر محمد علی رکھ رہے ہیں۔



