مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین کپتان

،تصویر کا ذریعہgetty images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں فتح کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کامیاب ترین پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔
یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی پندرہویں جیت ہے اس طرح انہوں نے عمران خان اور جاوید میانداد کا 14 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
مصباح الحق نے یہ پندرہ کامیابیاں 32 ٹیسٹ میچوں میں حاصل کی ہیں۔
ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نو ٹیسٹ ہاری ہے جبکہ آٹھ ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں ان کی فتح کا تناسب87ء46 فیصد ہے جو عمران خان اور جاوید میانداد سے زیادہ ہے ۔
عمران خان نے بحیثیت کپتان 48 ٹیسٹ میچوں میں سے 14جیتے، آٹھ ہارے تھے اور 26 ڈرا ہوئے تھے ان کی جیت کا تناسب16ء29 فیصد تھا۔
اسی طرح جاوید میانداد نے اپنی کپتانی کے 34 ٹیسٹ میچوں میں سے 14 جیتے، چھ ہارے اور چودہ برابر رہے اس طرح ان کی جیت کا تناسب17ء41 فیصد تھا۔
مصباح الحق نے بحیثیت کپتان اپنا پہلا ٹیسٹ نومبر 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا جو ڈرا ہوا تھا۔
ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے پہلے تک14 میں سے 6 ٹیسٹ سیریز جیتی ہیں جن میں عالمی درجہ بندی میں اس وقت پہلے نمبر پر موجود انگلینڈ اور حالیہ رینکنگ میں عالمی نمبر دو آسٹریلیا کے خلاف کلین سوئپ قابل ذکر ہیں۔
مصباح کی کپتانی میں پاکستان صرف تین سیریز ہارا ہے جبکہ پانچ سیریز برابر رہی ہیں۔
مصباح الحق نے بحیثیت کپتان اپنے 32 ٹیسٹ میچوں میں 09ء63 کی اوسط سے 2650 رنز بھی بنائے ہیں جن میں چھ سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ابوظہبی میں فتح کے بعد مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ’فتح یاب ٹیم کا قائد ہونا بہترین احساس ہے۔ یہ ایک نوجوان ٹیم ہے جس سے کسی کو ایسی کارکردگی کی امید نہ تھی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میں ان تمام افراد کا شکرگزار ہوں جنھوں نے میدان میں اور میدان سے باہر میرا ساتھ دیا۔‘
پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ’بطور فرد سب سے اہم چیز امید قائم برقرار رکھنا ہے۔ مجھے ہمیشہ خود پر بھروسہ رہا اور میں جانتا تھا کہ اگر محنت کروں گا تو وہ رنگ لائے گی۔‘



