پولیو کے خاتمے کے لیے کرکٹرز بھی پیش پیش

مصباح الحق کے بقول اس دنیا میں آنے والے ہر بچے کا حق ہے کہ وہ کھیل کود میں بھرپور طریقے سے حصہ لے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمصباح الحق کے بقول اس دنیا میں آنے والے ہر بچے کا حق ہے کہ وہ کھیل کود میں بھرپور طریقے سے حصہ لے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ تمام والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ پاکستان سے پولیو کو مکمل طور پر ختم کرنے میں مدد مل سکے۔

واضح رہے کہ 24 اکتوبر کو دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کا دن منایا جارہا ہے اور اس مہم میں کرکٹرز ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں، جسے یونیسیف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور روٹری نے ستائش کی نظر سے دیکھا ہے۔

سنہ 2012 میں آسٹریلیا اور بھارت کے کرکٹرز نے پرتھ ٹیسٹ کے دوران اپنی قمیضوں پر ربن باندھ کر اس بات پر خوشی کا اظہار کیا تھا کہ بھارت نے پولیو سے مکمل طور پر نجات حاصل کرلی تھی۔

پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی بھی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم میں نمایاں دکھائی دیے ہیں جبکہ موجودہ کپتان مصباح الحق بھی اس کے خاتمے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔

توجہ طلب بات یہ ہے کہ پاکستان افغانستان اور نائجیریا ایسے تین ممالک ہیں جو ابھی تک پولیو کو ختم نہیں کرسکے اور اس سال پولیو کے جو کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے 85 فیصد پاکستان میں منظر عام پر آئے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت سپورٹس مین وہ یہ بات محسوس کرتے ہیں کہ وہ کھیل کے میدان میں اپنی زندگی سےخوب لطف اندوز ہوئے ہیں اور اس دنیا میں آنے والے ہر بچے کا یہ حق ہے کہ وہ کھیل کود میں بھرپور طریقے سے حصہ لے اور اس سے لطف اندوز ہو۔

مصباح الحق نے کہا کہ وہ پوری پاکستانی ٹیم کی طرف سے تمام والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولیو کے خطرناک اثرات کو سمجھنے کی کوشش کریں اور فوراً اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں تاکہ ان کی زندگی محفوظ ہو سکے اور وہ زندگی کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان دنیا کے صرف تین ایسے ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی پولیو کا وجود ہے لہٰذا ہمیں اسے ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہییں تاکہ ہمارے بچے ملک کے لیے کارآمد ثابت ہوں اور ملک اور اپنے لیے کچھ کر سکیں۔