یونس خان اور مصباح الحق آسٹریلیا کے نشانے پر

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام دبئی
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ون ڈے کے مقابلے میں زیادہ مستحکم ہے اور وہ ٹیسٹ سیریز میں اس کے سب سے زیادہ تجربہ کار بیٹسمینوں مصباح الحق اور یونس خان کو قابو کرکے بازی جیتنا چاہتی ہے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹرسڈل کا کہنا ہے ’مصباح الحق اور یونس خان پاکستان کے دو اہم اور تجربہ کار بیٹسمین ہیں اور وہ انہیں ہدف بنائیں گے ان کی وکٹیں حاصل کرکے ہم پاکستانی ٹیم کو دباؤ میں لے سکتے ہیں۔‘
پیٹر سڈل نے پیر کے روز دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں آسٹریلوی ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کی وکٹ پر فاسٹ بولرز کو سخت محنت کرنی ہوگی ۔اس وکٹ پر ریورس سوئنگ اور سپن بولروں کا کردار بہت اہم ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پیٹرسڈل جو ترپن ٹیسٹ میچوں میں ایک سو اٹھاسی وکٹیں حاصل کرچکے ہیں کہتے ہیں کہ شارجہ میں پاکستان اے کے خلاف چار روزہ میچ کی شکست سے یقیناً مایوس ہوئی تاہم اس میچ کا یہ فائدہ ضرور ہوا کہ تمام ہی کھلاڑیوں کو پریکٹس مل گئی۔
پیٹرسڈل نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی بھارت کی سپن وکٹوں پر کارکردگی بہت ہی مایوس کن رہی تھی لیکن اس کے بعد سے آسٹریلوی بیٹسمینوں کی سپنرز کے خلاف کارکردگی اچھی رہی ہے اور وہ پاکستانی سپنرز کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور دوسرا چیلنج جو آسٹریلوی ٹیم کو اس وقت درپیش ہے وہ ہے دوبارہ عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنا۔



