’دنیا کے تمام بولرز کے بولنگ ایکشن کا تجزیہ ہونا چاہیے‘

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام دوبئی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بولنگ ایکشن کے بارے میں کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہیں ہیں تاہم مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق قوانین سب کے لیے ایک جیسے ہونے چاہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ چیمپیئنز لیگ کے دوران امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے قواعد وضوابط کے برخلاف ہونے کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔

محمد حفیظ نے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بولنگ ایکشن پر اعتراض کے بعد اگلے ہی میچ میں انہوں نے معمول کے مطابق بولنگ کی اور امپائرز نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ وہ پچھلے گیارہ سال سے اسی ایکشن کے ساتھ بولنگ کررہے ہیں اور ان کے دماغ میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیلتے ہوئے ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض ہوسکتا ہے وہ اس بار ے میں مثبت اور واضح سوچ رکھے ہوئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پراعتراض دو ہزار پانچ میں آسٹریلیا میں ہونے والی سہ فریقی ون ڈے کے دوران ہوچکا تھا تاہم بعد میں ان کا بولنگ ایکشن کلیئر کردیا گیا تھا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ دبئی آنے سے قبل انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سابق آف اپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ بھی کافی وقت گزارا اور اپنے بولنگ ایکشن سے متعلق ضروری کام کیا ہے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ وہ پہلے بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق قوانین میں یکسانیت ہونی چاہیے اور وہ سب کے لیے ایک جیسے ہونے چاہیں اور یہ نہ ہو کہ کسی کا بولنگ ایکشن اس کی زد میں آئے کسی کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام بولرز کے بولنگ ایکشن کا تجزیہ ہونا چاہیے اور جس بولر کا بھی ایکشن درست قرار دے دیا جائے اسے کھیلنے کی اجازت ہو اور جس کا بولنگ ایکشن درست نہیں وہ اسے درست کرے ۔

محمد حفیظ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا موسم پاکستان اور آسٹریلیا دونوں ٹیموں کے لیے یکساں ہے اور اب ہمیں کنڈیشنز کے بارے میں سوچنے کے بجائے صرف میدان میں اچھی کارکردگی کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان اے ٹیم کی جیت نے پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز کے لیے زبردست حوصلہ دیا ہے اور ہمیں اسے ایک محرک کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ دبئی میں بائیس اکتوبر سے شروع ہورہا ہے۔