لیورپول اور مڈلزبرو کا ریکارڈ شوٹ آؤٹ

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ میں کیپیٹل ون فٹبال کپ میں لیورپول نے ریکارڈ پینلٹی شوٹ آؤٹ میں مڈلزبرو کو 13 کے مقابلے 14 گول سے ہرا دیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دو دو گول کی برابری پر ختم ہو گیا تھا جس کے بعد 30 پنالٹی شوٹ آؤٹس لگائی گئیں۔
آخر میں مڈلزبرو کے کھلاڑی البرٹ ایڈوما گول کرنے میں ناکام رہے اور اس کے سبب لیورپول چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گیا۔
لیورپول نے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جارڈن روسیٹر کے گول کی بدولت سبقت حاصل کر لی تھی لیکن بورو کے ایڈم ریچ نے ہیڈر کے ذریعےگول کر کے اسے برابر کر دیا۔
اضافی منٹ کے کھیل میں ایک بار پھر لیورپول نے برتری حاصل کر لی لیکن پیٹرک بامفورڈ کی پینلٹی نے میچ کو شوٹ آؤٹ مرحلے میں پہنچا دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس کے بعد اصل ڈراما شروع ہوا جس نے انگلش پروفیشنل فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔
سائمن مینولیٹ نے مڈلزبرو کی جانب سے پہلی پینلٹی کو روک دیا تھا لیکن رحیم سٹرلنگ نے پانچویں پینلٹی مس کر کے کھیل کو ’سڈن ڈیتھ‘ مرحلے میں پہنچا دیا۔
حیرت انگیز طور پر اس کے بعد لی جانے والی بیس پینلٹیز پرگول ہوئے اور دونوں ٹیموں کے گول کیپروں سمیت سارے کھلاڑیوں نے گول کیے۔
لیکن جب مڈلزبرو کے اڈوما کی کک گول سے باہر چلی گئی تو لیورپول نے اپنی جیت کا جشن منانا شروع کر دیا۔
اس سے پہلے آرسنل اور روہدرم کے درمیان ليگ کپ میں پینلٹی شوٹ آؤٹ کا نتیجہ 8-9 تھا اور یہ ریکارڈ سنہ 2004 میں قائم ہوا تھا، جبکہ ایف اے کپ میں میک کلیسفیلڈ نے فارسٹ گرین کو نومبر سنہ 2011 میں شوٹ آؤٹ میں 10-11 سے شکست دی تھی۔



