رونی انگلینڈ فٹبال ٹیم کے نئے کپتان مقرر

28 سالہ رونی انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن28 سالہ رونی انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے

انگلینڈ کے نئے کوچ روئے ہاجسن نے سٹار سٹرائیکر وین رونی کو انگلش فٹبال ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔

انگلش ٹیم کی اس سال برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد کپتان سٹیون جیراڈ نے استعفی دے دیا تھا۔

95 میچوں میں 40 گول کرنے والے رونی کو گزشتہ ماہ اپنے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کا بھی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

انگلش ٹیم کا کپتان مقرر ہونے کے بعد رونی نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میرے خواب میں بھی نہیں تھا کہ مجھے کپتان بنا دیا جائے گا‘۔

روئے ہاجسن نے اپنے نئے سکواڈ میں چار نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔ ان میں آرسنل کی طرف سے کھیلنے والے 19 سالے کیلم چیمبرز، نیوکاسل کلب کے جیک لوکبیک، ٹوٹنہم کے ڈینی روز اور آسٹن ولا کے فیبین ڈیلف شامل ہیں۔

ان چاروں کھلاڑیوں نے انگلینڈ کی طرف سے ابھی تک ایک بھی میچ نہیں کھیلا۔

انگلینڈ کے نئے کوچ روئے ہاجسن نے رونی کی نامزدگی پر بات کرتے ہوئے بتایا ’میں نے اس بارے میں بہت سوچ بچار کی اور مجھے رونی اس ذمہ داری کے لیے مناسب امید وار لگے۔ وہ ذمہ داری کو جوش و خروش سے نبھائیں گے‘۔

ہاجسن کے مطابق انھوں نے رونی سے اس بارے میں تفصیلی بات کی ہے اور وہ کپتانی کے دباؤ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ رونی کے ساتھ گزارے دو سالوں میں میں نے کبھی اس کے کردار، نیت اور ملک کے لیے کھیلنے کے جذبے پر شک نہیں کیا۔

28 سالہ رونی انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔ رونی کا کہنا ہے کہ اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے وہ انگلینڈ کے سابق کپتان اور اپنے دوست سٹیون جیراڈ سے مشورہ کریں گے۔

انگلینڈ کے یورو 2016 کے کھیلے جانے والے کوالیفائینگ میچز کا آغاز 8 ستمبر سے سوئٹزرلینڈ میں ہونا ہے۔ تاہم اس سے پہلے انگلینڈ 3 ستمبر کو لندن کے ویمبلے ارینا میں ناروے کے ساتھ ایک دوستانہ میچ کھیلے گا۔