سواریز پر پابندی برقرار، تربیت کی اجازت

،تصویر کا ذریعہGetty
کھیلوں کی ثالثی عدالت نے یوراگوائے اور لیور پول کے کھلاڑی لوئس سواریز پر چار ماہ تک فٹبال سرگرمیوں سے دور رہنے کی سزا کو برقرار رکھا ہے تاہم انھیں بارسلونا کلب کے ساتھ ٹریننگ کے لیے کلیئر کر دیا ہے۔
عدالت کے تفصیلی فیصلے کی مکمل وضاحت ایک بعد کی تاریخ تک شائع نہیں کی جائے گی۔
لوئس سواریز کے وکلا نے گذشتہ ہفتے کی سماعت کے دوران کھیلوں کی عالمی عدالت سے انھیں بارسلونا کلب کے ساتھ ٹریننگ کرنے کی اجازت دینے کی استدعا کی تھی۔
وکلا نے عدالت سے لوئس سواریز پر نو بین الاقوامی میچوں پر پابندی کو بھی کم کرنے کی استدعا کی تھی۔
خیال رہے کہ فیفا نے برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال کے عالمی کپ کے ایک میچ میں اطالوی کھلاڑی جیورجیو چیلینی کو کاٹنے پر لوئس سواریز کو یہ سزا سنائی تھی۔
فیفا نے 27 سالہ سواریز پر نو بین الاقوامی میچوں کی پابندی بھی عائد کی تھی۔
اطالوی کھلاڑی جیورجیو چیلینی کے ساتھ جھگڑے کے بعد بارسلونا کلب لوئس سواریز کے ساتھ تقریباً 75 ملین پاؤنڈ کا معاہدہ کیا تھا۔
بارسلونا کا لا لیگا سیزن 24 اگست سے شروع ہو گا۔
سواریز پریمیئر لیگ کے گذشتہ سیزن میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑی تھے اور انھیں پی ایف اے اور فٹبال رائٹرز کے سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔
گذشتہ سال اپریل میں سواریز کو انگلش پریمیئر لیگ کے میچ میں چیلسی فٹبال کلب کے کھلاڑی ایوانوویچ کو کاٹنے پر دس میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس سے قبل سنہ 2010 میں بھی ان پر ہالینڈ کے ایندہووین کلب کے اتھمان بکال کو کاندھے پر کاٹنے پر سات میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
سنہ 2010 کے کوارٹر فائنل میں انھوں نے گھانا کے خلاف کھیلےگئے میچ میں مخالف ٹیم کاگول ہاتھ سے روکا تھا جس پر ان کو ریڈ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کر دیا گیا تھا۔
گھانا کو اس کے نتیجے میں پنلٹی ملی جس کا وہ فائدہ نہ اٹھا سکے اور میچ بغیر کسی گول کے پنلٹی شوٹ آؤٹ پر چلا گیا جسے یوروگوائے نے 4-2 سے جیت لیا۔



