دھونی بھارت کے کامیاب ترین کپتان

مہندر سنگھ دھونی نے 246 میچوں میں 53.27 کی اوسط سے 8,098 رنز بنائے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمہندر سنگھ دھونی نے 246 میچوں میں 53.27 کی اوسط سے 8,098 رنز بنائے ہیں

برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد مہندر سنگھ دھونی ایک روزہ میچوں میں بھارت کے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں۔

مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں بھارت کی ایک روزہ میچوں یہ 91 ویں کامیابی تھی۔

بھارتی کپتان دھونی کے بارے میں کہا جا رہا کہ وہ بھارت کو 100 میچوں میں فتح سے ہمکنار کرنے والے بھارت کے پہلے کپتان بھی بن سکتے ہیں۔

مہندر سنگھ دھونی نے 246 میچوں میں 53.27 کی اوسط سے 8,098 رنز بنائے ہیں۔

دھونی انگلینڈ کے خلاف بھی بھارت کے کامیاب ترین کپتان ہیں۔

بھارت نے ان کی کپتانی میں انگلینڈ کے خلاف 25 میچ کھیلے ہیں، جس میں سے 17 میں بھارت نے کامیابی حاصل کی، پانچ میں انگلینڈ فاتح رہا، دو میچ ٹائی رہے جبکہ ایک میچ کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔

انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ کے دوران دھونی نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا۔

وہ بین الاقوامی میچوں میں سب سے زیادہ سٹمپ کرنے والے وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔

انھوں نے ابھی تک 131 سٹمپ کیے ہیں، پہلے یہ ریکارڈ سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے نام تھا، جنھوں نے 129 سٹمپ کیے۔

بین الاقوامی سطح پر اپنی کپتانی میں سب سے زیادہ میچ جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے نام ہے، جنھوں نے 165 میچوں میں آسٹریلیا کو فتح دلائی تھی۔