بھارت نے ایک بار پھر انگلینڈ کو ہرا دیا

ایلسٹر کک

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشندو میچوں میں شکست کے بعد ایلسٹر کک کو ون ڈے ٹیم سے نکالنے کے مطالبے شروع ہوگئے ہیں

نوٹنگھم میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ بھارت نے انگلینڈ کو واضح فرق سے ہرا کر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا اور بقیہ دو میچ اگلے ہفتے میں کھیلے جائیں گے۔

بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی طرف کپتان ایلسٹر کک اور ایلکس ہیلز نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن مڈل آرڈر بیٹسمین بھارتی سپنروں کا مقابلہ نہ کر سکے۔

بھارتی سپنر روی چندرن ایشون نے دس اوروں میں انگلینڈ کے تین کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔ بھارت کے سپنروں نے مجموعی طور 30 اوروں میں 122 رنز دے کر انگلینڈ کے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ وکٹ کیپر جوس بٹلر کے 42 اور جیمز ٹریڈویل کے 18 رنز کی بدولت انگلینڈ بھارت کے لیے 228 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہا۔ بھارت نے مطلوبہ صرف 43 اوروں میں چار وکٹوں کےنقصان پر پورا کر لیا۔

بھارت کی جانب سے نوجوان کھلاڑی رائیدو نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور دو اوروں میں صرف آٹھ رنز دے ایک وکٹ بھی حاصل کر ڈالی۔ سریش رائنا، جڈیجا، محمد شامی اور بھونیشور کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک ایک بار پھر سابق کھلاڑیوں کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی شکست کے بعد ہرطرف سے ایلسٹر کک کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا لیکن آخری تین ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی فتح کے بعد ماہرین خاموش ہوگئے تھے لیکن ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں شکست کے بعد ایک بار ایلسٹر کک کو ون ڈے ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

انگلینڈ کی سابق سپنر گریم سوان نے ایلسٹر کک کو ون ڈے کے لیے ناموزوں کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم کے ورلڈ کپ میں جیتنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔