مہیلا جے وردھنے اگست میں ریٹائر ہو جائیں گے

،تصویر کا ذریعہAFP
سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے رواں برس اگست میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
37 سالہ جے وردھنے نے 145 ٹیسٹ میچوں میں 33 سنچریاں بنائی ہیں، جب کہ ایک روزہ میچوں میں ان کی سنچریوں کی تعداد 16 ہے۔ اس کے علاوہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ایک سنچری بنا چکے ہیں۔
جےوردھنے ایک روزہ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے جے وردھنے نے کہا: ’اگرچہ یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا لیکن مجھے یقین ہے کہ ریٹائرمنٹ کا یہ صحیح وقت ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’گذشتہ 18 برسوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔‘
سری لنکا بدھ سے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز کرے گا جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچ کھیلے گا۔
خیال رہے کہ جے وردھنے نے سنہ 1997 میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا۔
جے وردھنے نے جولائی سنہ 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 374 رنز بنائے جو ان کےٹیسٹ کریئر کا بہترین سکور ہے۔
جے وردھنے نے اپریل میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی کپ میں سری لنکا کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اس کے بعد انھوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔



