روس ہار گیا، بیلجیئم اگلے مرحلے میں

،تصویر کا ذریعہAFP
ورلڈ کپ 2014 کےگروپ ایچ ایک مقابلے میں بیلجیئم نے روس کو ہرا کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
بیلجیئم نے ابھی تک دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میں فتح حاصل کی ہے۔ اگر بیلجیئم نے اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی تو وہ گروپ جی کی دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے ساتھ کھیلےگا۔ گروپ جی میں جرمنی، پرتگال، امریکہ اور گھانا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ پہلے ہاف میں بیلجیئم نے اس کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی ان سے توقع کی جا رہی تھی۔ بیلجئیم کے فارورڈ رومیلو لوکاکو ایک مرتبہ عمدہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور کوچ نے پہلے میچ کی طرح لوکاکو کو میدان سے واپس بلا کر انیس سالہ اوریگی کو میدان میں بھیجا جس نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔
فٹبال کے ماہرین کو اکیس سالہ رومیلو لوکاکو سے بہت توقعات تھیں لیکن ابھی تک وہ ان توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
بی بی سی کے فٹبال ماہر ڈینی ملز کا کہنا تھا:’رومیلو لوکاکو کبھی کبھی کہیں کھوئے ہوئے لگتے ہیں، میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ آیا وہ بیلجیئم کے اٹیک کی سربراہی کے لیے صحیح انتخاب ہیں۔ وہ شاید اس ٹیم کی واحد کمزوری ہیں۔‘
میچ کے دوسرے ہاف میں بیلجئیم نے ٹیم میں کئی تبدیلیاں کیں لیکن کھیل کی رفتار میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔ جب صرف دس منٹ کا کھیل باقی تھا تو بیلجیئم کی ٹیم نے روسی گول پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیئے۔ روسی کھلاڑیوں کے لیے بیلجیئم کے مڈفیلڈر ایڈن ہیزارڈ کو روکنا مشکل ہوگیا اور میچ ختم ہونے سے صرف پانچ منٹ پہلے ایڈن ہیزارڈ ہی کے ایک شاندار پاس پر انیس سالہ اوریگی نےگول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
بیلجئیم کو اپنا اگلا میچ 26 جون کو جنوبی کوریا سے کھیلنا ہے۔



