گیرتھ بیل رونالڈو کی جگہ لینے کے لیے تیار

،تصویر کا ذریعہReuters
سپین کے مشہور فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے بدھ کے روز اپنے روایتی حریف بارسلونا کلب کو فٹبال لیگ کوپا ڈیل رے کپ کے فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر یہ کپ انیسویں بار جیت لیا۔
ریال میڈرڈ کی جیت میں برطانوی کھلاڑی گیرتھ بیل نے اہم کردار ادا کیا۔گیرتھ بیل نے آخری لمحات میں ایک انتہائی شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
24 سالہ بیل، جو گذشتہ سال ستمبر میں ایک سو ملین ڈالر کے عوض ریال میڈرڈ ٹرانسفر ہوئے تھے اور یہ ٹرانسفر فیس ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔
عمومًا لیفٹ ونگ اور لیفٹ بیک کی پوزیشن پر کھیلنے والے بیل کا یہ گول ایک ایسے لمحے پر آیا ہے جب ان کے ساتھی رونالڈو زخمی ہونے کی وجہ سے اس میچ میں حصہ نہیں لے رہے تھے۔
رونالڈو، جنھیں ماہرین دنیا کے چند ایک بہترین فٹبالروں میں سے ایک گردانتے ہیں، اگلے سال 30 برس کے ہوجائیں گے۔ماہرین کے خیال میں ریال میڈرڈ کو گیرتھ بیل کی شکل میں رونالڈو کا متبادل مل گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ماہرین کا خیال ہے کہ بیل اب ایک بھرپور کھلاڑی کا روپ دھار چکے ہیں اور وہ رونالڈو کی غیر موجودگی میں میڈرڈ کو ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔
دونوں کھلاڑیوں کا شمار ریال میڈرڈ کے ’گیلیکٹیکوس‘ میں ہوتا ہے۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جو نہ صرف انتہائی عالیٰ درجے کے کھلاڑی ہیں اور انھیں صرف بھاری معاوضے کے تحت حاصل کیا جاتا ہے۔
گیرتھ بیل کی عمر 24 برس ہے اور ان کے کریئر کا بیشتر حصہ ابھی باقی ہے۔ اتنی کم عمری میں اتنی پھرتی اور تیزی دکھانے والے بیل میڈرڈ کے لیے نہ صرف رونالڈو کا آئینہ ہیں بلکہ ان کے مشکل سوالوں کا جواب بھی ہیں۔



