ورلڈ ٹی 20: میزبان بنگلہ دیش کے لیے آخری موقع

بنگلہ دیش سے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں ہیں کیونکہ اس کی ٹیم میں اختلافات کی خبریں گرم ہیں

،تصویر کا ذریعہICC

،تصویر کا کیپشنبنگلہ دیش سے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں ہیں کیونکہ اس کی ٹیم میں اختلافات کی خبریں گرم ہیں

بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جمعہ کو کھیلے جانے والے دو میچوں میں بھارت کا سامنا میزبان بنگلہ دیش سے ہوگا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے مد مقابل ہوگی۔

اس سے پہلے بھارت نے اپنے پہلے ہی مقابلے میں پاکستان کو باآسانی سے 7 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اس کے بعد گزشتہ چیمپئن ویسٹ انڈیز کو بھی ہرایا۔

بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی جو پچھلے دنوں ہندوستانی بولرز پر تنقید کرتے نہیں تھک رہے تھے، انہی بولروں نے آخر کار اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کی ہے۔ فاسٹ بولر بھونیشور کمار اور سپنر امت مشرا نے اپنی صلاحتیوں کا بھرپور استعمال کیا۔

اس کے علاوہ سریش رائنا اور روہت شرما بھی اپنی کھوئی ہوئی بیٹنگ فارم حاصل کرنے میں کامیاب رہے جس کی بدولت بھارت نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کا ہدف بغیر کسی جلد بازی کے حاصل کر لیا۔

دوسری طرف میزبان بنگلہ دیش کو اگر اس مقابلے میں جگے بنائے رکھنا ہے تو اسے ہر حال میں بھارت کو ہرانا ہوگا۔

بنگلہ دیش سے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں ہیں کیونکہ اس کی ٹیم میں اختلافات کی خبریں گرم ہیں۔

بھارت کے کھلاڑی یوراج سنگھ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف کافی دب کر کھیلے، تاہم بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ان کا یہ کہہ کر دفاع کیا کہ ’کئی بار ایک بڑی اننگز کھیلنے کے لیے تھوڑا انتظار کرنا پڑتا ہے، یوراج چیمپئن کھلاڑی ہیں ان کی فارم واپس آ جائے گی۔‘

آج ہی ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز کا سامنا آسٹریلیا سے ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھارت سے ہار چکی ہے لیکن اس نے اگلے مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست دی۔ دوسری طرف آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں 16 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے میں یہ مقابلہ انتہائی دلچسپ ہو سکتا ہے۔