جنوبی افریقہ کی فتح، سیریز برابر

آسٹریلوی بلے باز ڈیل سٹین کی تیز بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآسٹریلوی بلے باز ڈیل سٹین کی تیز بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے

پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 231 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کھیل کے چوتھے دن میزبان ٹیم نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے 448 رنز کا ہدف دیا لیکن پوری آسٹریلوی ٹیم 216 رنز ہی بنا سکی۔

دوسری اننگز میں آسٹریلوی اوپنرز کرس راجرز اور ڈیوڈ وارنر کے علاوہ کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88541" platform="highweb"/></link>

ورانر نے 66 رنز بنائے جبکہ راجرز سنچری مکمل کرنے کے بعد 107 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

ان کے بعد آنے والا کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز اپنا انفرادی سکور دوہرے ہندسوں تک نہیں پہنچا سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین چار وکٹیں لے کر دوسری اننگز کے سب سے کامیاب بولر رہے ہیں جبکہ فیلینڈر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اتوار کو میچ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

کرس راجرز نے سنچری بنائی لیکن دوسرے اینڈ پر ان کا ساتھ دینے کوئی بھی نہ رکا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکرس راجرز نے سنچری بنائی لیکن دوسرے اینڈ پر ان کا ساتھ دینے کوئی بھی نہ رکا

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے لیے سب سے زیادہ رنز ہاشم آملہ نے بنائے۔ انھوں نے 127 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

اتوار کو جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز چار وکٹوں کے نقصام پر 192 رنز سے دوبارہ شروع ہوئی تو ہاشم آملہ نے آغاز میں ہی اپنی سنچری مکمل کر لی۔

اس کے بعد انھوں نے کوئنٹن ڈی کاک کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور میں مزید 39 رنز کا اضافہ کیا۔

اس موقع پر ڈی کاک 34 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ ان کی جگہ آنے والے ڈومینی نے 18 رنز ہی بنائے تھے کہ جنوبی افریقی کپتان نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں سڈل اور جانسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ابراہم ڈی ویلیئرز اور ڈومینی کی شاندار سنچریوں کی بدولت 423 رنز بنائے تھے۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اب ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔

سنچورین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 281 رنز سے شکست دی تھی جبکہ پورٹ الزبتھ کا میچ اب جنوبی افریقہ نے جیت لیا ہے۔