انڈر 19 ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا

یہ دو ماہ میں بھارت کی پاکستان پر دوسری فتح ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیہ دو ماہ میں بھارت کی پاکستان پر دوسری فتح ہے

متحدہ عرب امارات میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو 40 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سنیچر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔

بھارتی اننگز کی خاص بات سرفراز خان اور سنجو سیمسن کی نصف سنچریاں تھیں۔

سرفراز 74 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ سنجو نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عرفان اللہ اور کرامت علی نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ ضیاء الحق اور ظفر گوہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

سمیع اسلم 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے

،تصویر کا ذریعہICC

،تصویر کا کیپشنسمیع اسلم 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے

263 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو اچھا آغاز ملا اور کپتان سمیع اسلم اور انعام الحق نے پہلی وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔

سمیع 64 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو آنے والے بلے بازوں میں سے کوئی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

پاکستان کی پوری ٹیم انچاسویں اوور میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے دیپک ہودا سب سے کامیاب بولر رہے، انھوں نے 41 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی 19 برس سے کم عمر کے کھلاڑیوں کی ٹیموں کے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی اور شارجہ میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں فتح حاصل کی تھی۔