شارجہ: بھارت نے انڈر 19 ایشیا کپ جیت لیا

پاکستان کے سمیح اسلم نے 87 رنز بنائے
،تصویر کا کیپشنپاکستان کے سمیح اسلم نے 87 رنز بنائے

شارجہ میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 40 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سنیچر کو کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان کی ٹیم 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی اننگز میں کامران غلام 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سمیع اسلم نے87 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے تین جبکہ غنی، میلند اور ہودا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے سمیح اسلم اور محمد عمیر نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 39 رنز کے مجموعی سکور پر محمد عمیر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس سے پہلے بھارت کی اننگز کی خاص بات وجے اور سنجو کی شاندار سنچریاں تھیں۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 180 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے وجے نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 100 جب کہ سنجو نے آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔

پاکستان کی جانب سے ضیاالحق، ظفر گوہر اور کرامت علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔