ذکا اشرف کا بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سے رابطہ

سری نواسن نے پاکستان کی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے: ذکا اشرف

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسری نواسن نے پاکستان کی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے: ذکا اشرف
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذ کا اشرف نے اتوار کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن سے رابطہ کیا ہے جس میں پاک بھارت کرکٹ روابط پر بات چیت ہوئی۔

ذکا اشرف نے پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اجلاس کے بعد بتایا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں ’بگ تھری‘ کے مجوزہ مسودے کے بارے میں پاکستان کا موقف اپنی جگہ لیکن انھوں نے اپنے مفاد کے لیے بات چیت بھی جاری رکھی ہوئی ہے کیونکہ کرکٹ میں ڈپلومیسی بھی چلتی ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ سری نواسن نے پاکستان کی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کے لیے شرائط نہیں رکھی گئی ہیں۔ سیریز میں کتنے میچ ہوں گے یہ طے ہونا باقی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے مطابق وہ آئی سی سی کے آٹھ فروری کو سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں شرکت سے پہلے وزیراعظم سے ملاقات چاہتے ہیں تاکہ اس وقت بین الاقوامی کرکٹ کو درپیش انتہائی اہم مسئلے پر ان کی گائیڈ لائن لے کر اپنی پوزیشن بناسکیں اسی لیے انھوں نے وزیراعظم کو دوبارہ خط تحریر کیا ہے۔

ذکا اشرف نے یہ بھی واضح کردیا کہ تمام معاملات وزیراعظم پر نہیں چھوڑیں گے کرکٹ بورڈ کا اپنا رول ہے اس نے اپنا کام کیا ہوا ہے۔

ذکا اشرف نے اپنے ہٹائے جانے کے نوٹیفکیشن کی قیاس آرائیوں کے بارے میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور اراکین منتخب ہوکر آئے ہیں وزیراعظم خود جمہوری ہیں لہذا وہ مینڈیٹ کا احترام کرنا جانتے ہیں اور ایسا نہیں لگتا کہ وہ کوئی ایسا قدم اٹھائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کے ’بگ تھری‘ کے موقف میں بھی نرمی آئی ہے اور انھوں نے متعدد اہم نکات میں رد و بدل کیا ہے لہذا انھیں امید ہے کہ آئی سی سی کے تمام تر فیصلے بین الاقوامی کی بہتری کو سامنے رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔

دکا اشرف کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز سے مستقل رابطے میں ہے۔