آسٹریلیئن اوپن: شاراپووا کی سنسني خیز شکست

شاراپوا کو سیرینا ویلیمز کے بعد گرینڈ سلیم جیتنے کا مضبوط دعویدار مانا جا رہا تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنشاراپوا کو سیرینا ویلیمز کے بعد گرینڈ سلیم جیتنے کا مضبوط دعویدار مانا جا رہا تھا

خواتین ٹینس میں سنگلز درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز کے بعد آسٹریلین اوپن خطاب کی مضبوط دعویدار روس کی ماریا شاراپووا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

عالمی نمبر تین کھلاڑی ماریہ شاراپوا آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنلز میں پہنچنے سے پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئي ہیں۔

سلوواکیہ کی ڈومینیکا سیبولكووا نے چار بار کی گرینڈ سلیم چیمپیئن شاراپووا کو 6-3، 4-6 اور 1-6 سے شکست دی ہے۔

راڈ لیور ایرینا میں پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں خواتین کی عالمی رینکنگ میں 20 ویں درجے کی کھلاڑی سلوواکیہ کی ڈومینیکا کے خلاف پہلا سیٹ جیتنے کے بعد شاراپووا کو اگلے دونوں سیٹوں میں سخت مقابلے کا سامنا رہا۔

اس سے پہلے ٹاپ سيڈ امریکہ کی سرينا ولیمز کو اتوار کے روز دنیا کی سابق نمبر ایک کھلاڑی سربیا کی انا ایوانووچ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اینا ایوانووک نے سرینا ولیمز کو پہلے سیٹ میں شکست دی تھی اور ایک بڑا اپ سیٹ کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناینا ایوانووک نے سرینا ولیمز کو پہلے سیٹ میں شکست دی تھی اور ایک بڑا اپ سیٹ کیا تھا

سنہ 2008 کی آسٹریلین اوپن چیمپئن شاراپووا نے چوتھے راؤنڈ کے میچ میں دوسرے اور تیسرے سیٹ کے درمیان میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا لیکن وہ ڈومینیکا کو فتح سے نہیں روک پائیں۔

اس جیت کے ساتھ 24 سالہ ڈومینیکا پہلی بار اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں اور اب وہ کوارٹر فائنلز میں جیلینا جانکووک یا سیمونا ہالیپ کے مد مقابل ہوں گي۔

اس سے قبل شاراپووا نے جمعرات کو 40 ڈگری درجۂ حرارت میں کیرن نیپ کے خلاف دوسرے راؤنڈ میں تین گھنٹے کے زبردست مقابلے کے بعد جیت حاصل کی تھی۔

شاراپوا کی سروس بہت زیادہ قابل اعتماد نہیں تھی تاہم انھوں نے پہلا سیٹ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ آخری سیٹ میں سروس کی غلطی کی وجہ سے وہ میچ ہار گئیں۔